ایران کے ساتھ اس وقت مذاکرات شروع ہو چکے ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن، 4 اگست (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ اس وقت مذاکرات شروع ہو چکے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ اس وقت مذاکرات شروع ہو چکے ہیں اور معاملات بہت اچھے چل رہے ہیں۔
انھوں نے کہا ایران کے ساتھ بات چیت اب بھی جاری ہے، اسی کی درخواست پر اس کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں، ایران کے پاس یہ آخری موقع ہے۔ امریکی صدر نے کہا معاملات تیزی سے آگے بڑھیں گے، مذاکرات طویل ہوں گے، جوہری معاملہ دوسرے مرحلے میں نمٹایا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا آبنائے ہرمز لازمی طور پر کھلنا چاہیے، ہرمز کل تک مکمل طور پر کھل جانا چاہیے، امریکی بحریہ کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے۔
دوسری طرف ایرانی میڈیا نے زور دیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، مہر نیوز ایجنسی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے تازہ بیانات کو ''دہرائے جانے والے جھوٹ'' قرار دیا۔
مہر نے رپورٹ کیا کہ ایران کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، ایک ایرانی ویب سائٹ نے کہا کہ ٹرمپ اس سے قبل تیل کی قیمتیں کم کرنے کے لیے تیل کمپنیوں سے ''منت سماجت'' کر رہے تھے، جب کہ ایک دوسری ویب سائٹ نے کہا کہ مذاکرات کے لیے ان کی اپیلیں ''مایوسی بھری چیخیں'' تھیں۔