Jadid Khabar

ای-20 پیٹرول کے مسئلے پر ملک گیر مہم چلائے گی عآپ: کجریوال

Thumb

نئی دہلی، 27 جولائی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (عآپ) نے ای-20 پیٹرول کے مسئلے پر ملک گیر مہم تیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔
 
عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے پیر کو پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی کی طرف سے یکم اگست کو یہاں کانسٹی ٹیوشن کلب میں 'نیشنل ٹاؤن ہال اگینسٹ ای-20' کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے لوگ براہِ راست اور آن لائن دونوں ذرائع سے جڑ سکیں گے۔ پروگرام میں ای-20 کے مسئلے میں دلچسپی رکھنے والے ماہرین، گاڑیوں کے مالکان اور اس سے متاثرہ لوگوں کو اپنی بات رکھنے کا موقع دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ای-20 پیٹرول کے مسئلے پر آگے کی حکمتِ عملی پر بھی تبادلہٴ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے لوگوں سے بڑی تعداد میں ٹاؤن ہال میں شامل ہونے کی اپیل کی۔
 
انہوں نے بتایا کہ دہلی اور آس پاس کے شہروں سے آنے والے لوگ کانسٹی ٹیوشن کلب پہنچ کر پروگرام میں براہِ راست طور پر حصہ لے سکتے ہیں، جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں رہنے والے لوگ آن لائن جڑ سکیں گے۔ آن لائن جڑنے کے لیے 8588833212 نمبر پر جمعہ تک واٹس ایپ کرنے کو کہا گیا ہے۔ اس کے بعد شرکاء کو ایک لنک بھیجا جائے گا، جس کے ذریعے وہ ہفتہ کو پروگرام سے آن لائن جڑ سکیں گے۔
 
مسٹر کیجریوال نے وزیرِ اعظم سے ای-20 پیٹرول کے مسئلے پر مداخلت کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگ اس مسئلے کی وجہ سے  پریشان ہیں اور گاڑیوں کے مالکان کی طرف سے مائلیج نیز گاڑیوں پر برے اثرات کی شکایتیں سامنے آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح نوجوانوں نے متحد ہو کر اپنی آواز اٹھائی اور حکومت کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا، اسی طرح ای-20 کے مسئلے پر بھی لوگوں کو متحد ہو کر آواز اٹھانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ای-20 سے جڑے تمام فریقین کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر ان کے مسائل اور تجاویز کو سامنے رکھا جائے گا۔
 
انہوں نے وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے اسے نوجوانوں کی یکجہتی کا نتیجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ملک کے نوجوانوں نے متحد ہو کر اپنی آواز اٹھائی اور حکومت کو جھکنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اب اسی طرح ای-20 کے مسئلے پر بھی لوگوں کو متحد ہو کر اپنی آواز اٹھانی ہوگی۔