Jadid Khabar

اتوار کو وکست وائبرینٹ ولیج پروگرام کے شرکاء کے ساتھ بات چیت کریں گے مودی

Thumb

نئی دہلی، 25 جولائی (یو این آئی) وزیرِ اعظم نریندر مودی اتوار کی شام ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وکست وائبرینٹ ولیج پروگرام 2026 کے 400 سے زائد شرکاء کے ساتھ بات چیت کریں گے۔

وزیرِ اعظم کے دفتر نے ہفتہ کو بتایا کہ وکست وائبرینٹ ولیج پروگرام، جسے 'مائی بھارت' پلیٹ فارم کے ذریعے نافذ کیا جا رہا ہے، اس کاتصور وزیرِ اعظم کے اس نقطۂ نظر کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے، جس کے مطابق ہندوستان کے سرحدی گاؤوں  کو ملک  کے پہلے گاؤں کے طور پر مانا جائے نیز انہیں وکست بھارت کے سفر میں سرگرم شراکت دار بنایا جائے۔

وکست وائبرینٹ ولیج پروگرام 2026 کا اہتمام چار جون سے 30 جون تک دو مرحلوں میں کیا گیا، جس میں لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے 74 وائبرینٹ گاؤوں  کو شامل کیا گیا۔ ملک گیر آن لائن کوئز مقابلے کے ذریعے، جس میں تین لاکھ سے زائد نوجوانوں نے حصہ لیا، ہر ریاست اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقے کی نمائندگی کرنے والے 400 سے زائد نوجوان شرکاء کا انتخاب کیا گیا۔

پروگرام کے تحت شرکاء نے مقامی برادریوں کے ساتھ قیام کیا نیز صفائی کی مہم، سرکاری اسکیموں کے بارے میں بیداری کی مہم، یوتھ کانفرنس، ثقافتی تبادلے کے پروگرام، شجر کاری کی مہم، منی ماڈل پنچایت، مقامی کاریگروں کے ساتھ بات چیت اور حکمتِ عملی کے لحاظ سے اہم اداروں کا دورہ جیسی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اس پروگرام نے شرکاء کو ہندوستان کے سرحدی علاقوں کے سماجی و اقتصادی منظر نامے، ثقافتی میراث اور ترقی سے متعلق خواہشات کا براہِ راست تجربہ فراہم کیا، ساتھ ہی اجتماعی شرکت، قومی یکجہتی نیز سرحدی گاؤوں  کی حکمتِ عملی کی اہمیت کی گہری سمجھ کو بھی فروغ دیا۔