نئی دہلی، 23 جولائی (یو این آئی) کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے دھرنے اور احتجاجی مظاہرے کے درمیان جنتر منتر کے آس پاس موبائل انٹرنیٹ خدمات بند کر دی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ فی الحال انٹرنیٹ خدمات جمعرات کی رات 12 بجے تک کے لیے بند ہیں۔ ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے صارفین کو فون پر بھیجے جا رہے پیغام میں لکھا ہے، "حکومت کے حکم کے مطابق، آپ کے علاقے میں انٹرنیٹ خدمات عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں۔"
ذرائع نے بتایا کہ آج صبح سکیورٹی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت سے موبائل انٹرنیٹ خدمات بند کرنے کی ہدایت ملی تھی جس کا وقت بعد میں بڑھا کر رات 12 بجے تک کر دیا گیا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ میڈیکل داخلہ امتحان نیٹ کا سوالنامہ افشا ہونے سے ناراض طلبہ اور دیگر مظاہرین سی جے پی کی کال پر گزشتہ کئی دنوں سے نئی دہلی کے جنتر منتر دھرنا گاہ پر جمع ہیں۔ حکومت نظم و ضبط برقرار رکھنے کی بات کہہ کر آس پاس کے علاقے میں میٹرو اور انٹرنیٹ خدمات پر پابندیاں لگا رہی ہے۔