Jadid Khabar

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مشترکہ مستقبل کا عزم: مودی

Thumb

نئی دہلی، 11 جولائی (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کے درجے تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کے درمیان نئے باب کا آغاز اور مشترکہ مستقبل کا عزم ہے۔ نیوزی لینڈ کے دورے پر گئے مسٹر مودی نے جمعہ کی دیر رات وزیراعظم کرسٹوفر لکسن کے ساتھ آکلینڈ میں دوطرفہ بات چیت کی۔ وزارت خارجہ نے ہفتہ کو بتایا کہ وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے تعلقات فیصلہ کن موڑ پر ہیں اور اسے مدنظر رکھتے ہوئے دونوں ممالک نے کئی اہم معاہدوں اور نئی پہلوں کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ہم نے ہندوستان-نیوزی لینڈ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کے درجے پر لے جانے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت ہم ہر شعبے میں واضح اہداف اور ٹھوس نتائج کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔"
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اسٹریٹجک شراکت داری کے فارمولے میں بندھ رہے ہیں اور یہ صرف ایک سفارتی پڑاؤ نہیں ہے۔ یہ ہمارے مشترکہ مستقبل کا ایک نیا عزم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ "آج 40 برسوں کے بعد ہندوستانی وزیراعظم کا دورۂ نیوزی لینڈ ہو رہا ہے۔ یہ ہمارے تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔"
مسٹر مودی نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہند-بحرالکاہل میں سمندری خطے میں تعاون پر بھی اتفاق ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "آج ہم نے ہند-بحرالکاہل میں سمندری تعاون کے لیے ایک روڈ میپ پر اتفاق کیا ہے۔ دوطرفہ بحری مشقوں، لاجسٹک سپورٹ اور ہائیڈروگرافی میں تعاون سے ہمارا باہمی تال میل بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک عالمی اسٹیج پر بھی قابل اعتماد شراکت دار اور قریبی دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "ہمارا ماننا ہے کہ موجودہ وقت کے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں میں اصلاحات ضروری ہیں۔"
مسٹر مودی نے یقین ظاہر کیا کہ ان کے اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ "مجھے یقین ہے کہ میرے اس دورے سے ہم اپنے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوطی دیں گے اور عالمی امن، استحکام اور سکیورٹی میں ہم مل کر اپنا تعاون بڑھائیں گے۔ اور ہم ایک طرح سے اس کیٹالیٹک ایجنٹ کے طور پر کام کر سکتے ہیں جو امن کے حق میں ہو، امن کے لیے ہو اور امن کے ذریعے عالمی بہبود کی سمت میں ہم آگے بڑھ پائیں۔" وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے سے دونوں ممالک کی صنعتوں، کسانوں اور نوجوانوں کے لیے نئے دروازے کھلیں گے۔