وینزویلا میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد ہوئی 3889، عالمی امداد اور راحتی کارروائیاں جاری
کاراکاس: وینزویلا میں 24 جون کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 3889 ہو گئی ہے، جبکہ 16740 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ وینزویلا کی قومی اسمبلی کے صدر جارج روڈریگیز نے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ قدرتی آفت کے بعد ملک میں امدادی اور بچاؤ کی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور حکومت متاثرہ شہریوں کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔
جارج روڈریگیز نے سماجی رابطے کے ایک پلیٹ فارم پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ زلزلے کے باعث اب تک 17,907 افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 6462 افراد کو مختلف علاقوں سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جبکہ ہزاروں متاثرین عارضی امدادی مراکز میں رہائش پذیر ہیں۔
اطلاعات کے مطابق زلزلے کے بعد اب تک 1142 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں خوف و ہراس کی فضا برقرار ہے اور امدادی سرگرمیوں میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
ادھر وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز نے حالیہ زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے 28 ممالک کی جانب سے فراہم کی جانے والی انسانی امداد پر اظہار تشکر کیا ہے۔ انہوں نے کاراکاس میں قائم ایک مرکزی امدادی مرکز کا دورہ کیا، جہاں دو ہزار ٹن سے زائد بین الاقوامی امدادی سامان کو ترتیب دے کر عارضی امدادی کیمپوں میں بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ڈیلسی روڈریگیز نے کہا کہ وینزویلا ان تمام ممالک، عوام اور حکومتوں کا بے حد شکر گزار ہے جنہوں نے اس مشکل وقت میں مدد کا ہاتھ بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ ہر امداد فراہم کرنے والا ملک یہ دیکھ سکے گا کہ اس کی بھیجی گئی امداد کس طرح متاثرین تک پہنچائی جا رہی ہے تاکہ شفافیت برقرار رہے اور متاثرہ افراد کو حقیقی فائدہ حاصل ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس المناک سانحے پر عالمی برادری کے بھرپور تعاون نے وینزویلا کو یہ احساس دلایا ہے کہ وہ اس آزمائش میں تنہا نہیں ہے۔ ان کے مطابق اب سب سے اہم مرحلہ متاثرہ علاقوں کی بحالی، تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر نو اور متاثرہ خاندانوں کی معمول کی زندگی کی طرف واپسی کو یقینی بنانا ہے۔
قبل ازیں جاری ہونے والی ایک سرکاری رپورٹ میں بے گھر افراد کی تعداد 17,345 بتائی گئی تھی، تاہم تازہ ترین اعداد و شمار میں اس میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حکومت نے متاثرین کی رہائش، خوراک، طبی سہولتوں اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے متعدد عارضی امدادی کیمپ قائم کیے ہیں۔
واضح رہے کہ قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگیز گزشتہ ہفتے زلزلے کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سات روزہ قومی سوگ کا اعلان بھی کر چکی ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ حکومت اس المناک سانحے سے متاثر ہونے والے تمام خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی حفاظت، بحالی اور ہر ممکن تعاون کا عزم دہراتی ہے۔