عوام کے مسائل کا جلد از جلد ازالہ کریں افسران: یوگی
گورکھپور، 26 جون (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کی صبح گورکھ ناتھ مندر میں منعقدہ جنتا درشن میں لوگوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور افسران کو ہدایت دی کہ عوام کے ہر مسئلے کا جلد از جلد حل یقینی بنائیں۔
گورکھ ناتھ مندر میں منعقدہ جنتا درشن کے دوران یوگی نے تقریباً 200 لوگوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ لوگوں کی شکایتوں کو سن کر ان کا اطمینان بخش تصفیہ یقینی بنانے میں کوئی لاپرواہی نہیں ہونی چاہیے۔ جنتا درشن میں پہنچے لوگوں کو وزیر اعلیٰ نے یقین دلاتے ہوئے کہا، "فکر نہ کریں۔ حکومت سبھی کے مسائل پر مؤثر کارروائی یقینی بنائے گی۔"
مہنت دگ وجے ناتھ اسمرتی بھون کے باہر لگی کرسیوں پر بیٹھے لوگوں تک پہنچ کر وزیر اعلیٰ نے سب کے مسائل سنے اور ان کی درخواستیں پاس کھڑے افسران کے حوالے کرتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے ضروری ہدایات دیں۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے لوگوں سے کہا کہ تشویش کی کوئی ضرورت نہیں ہے، سب کے مسائل کا حل کرایا جائے گا۔