چنئی، 15 مئی (یو این آئی) تمل ناڈو کے سابق وزیر اعلیٰ اور دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) کے صدر ایم کے اسٹالن نے جمعہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر ایک بار پھر نیشنل ایلیجبلٹی کم انٹرنس ٹیسٹ-انڈرگریجویٹ (نیٹ-یو جی) امتحان کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ نیٹ-یو جی 2026 کے پرچہ لیک ہونے اور اس کے بعد امتحان منسوخ کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیٹ امتحان کو فوری طور پر ختم کرنے سے متعلق آرڈیننس لاکھوں طلبہ کو فوری راحت دے گا جو اس وقت غیر یقینی صورتحال اور ذہنی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں اور انہیں دوبارہ امتحان دینے کے بوجھ سے نجات ملے گی۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی کو لکھے گئے خط میں نیٹ امتحانی نظام کی بار بار ناکامی، انتظامی کمزوریوں اور خاص طور پر ملک بھر میں بڑے پیمانے پر پرچہ لیک ہونے کے بعد نیٹ-یو جی 2026 کو حیران کن طور پر منسوخ کیے جانے پر عوام کے اعتماد کو شدید ٹھیس پہنچنے پر گہری تشویش ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ نیٹ-یو جی 2026 کی منسوخی نے ایک بار پھر مرکزی امتحانی نظام میں موجود گہری ساختی خامیوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ ان کے مطابق 3 مئی 2026 کو امتحان اس لیے منسوخ کرنا پڑا کیونکہ امتحان سے قبل واٹس ایپ اور ٹیلیگرام گروپس میں ایک گیس پیپر گردش کر رہا تھا، جس میں 400 سے زائد سوالات شامل تھے اور حیاتیات و کیمیا کے 120 سے زیادہ سوالات اصل امتحان سے کافی حد تک ملتے جلتے تھے۔
رپورٹوں کے مطابق پرچہ لیک مہاراشٹر کے ناسک سے شروع ہوا، پھر ہریانہ تک پھیلا، اور راجستھان کے سیکر، جے پور اور جاموا رام گڑھ سمیت کئی اضلاع میں اس کے پرنٹ آؤٹ تقسیم کیے گئے۔ بعد ازاں یہ بہار، کیرالہ، جموں و کشمیر، اتراکھنڈ اور دیگر کئی ریاستوں کے امیدواروں تک پہنچ گیا۔ اس معاملے میں کم از کم 45 افراد پر مشتمل کئی ریاستوں میں پھیلے ایک نیٹ ورک کا انکشاف ہوا، جس کے بعد متعدد گرفتاریاں عمل میں آئیں۔
مسٹر اسٹالن نے کہا کہ تقریباً 22.8 لاکھ طلبہ غیر یقینی صورتحال میں پھنس گئے اور لاکھوں ایماندار امیدواروں کو ایک بار پھر ادارہ جاتی ناکامی کی سزا بھگتنا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے یہ کوئی واحد واقعہ نہیں ہے۔ ان کے مطابق نیٹ اور اس سے قبل ہونے والے امتحانات کی تاریخ بے ضابطگیوں کے ایک تشویشناک سلسلے کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے 2015 سے 2024 تک پیش آنے والے کئی واقعات کا حوالہ دیا، جن کے باعث عدالت کی مداخلت کے بعد امتحانات منسوخ کیے گئے، جبکہ دیہی طلبہ کو متاثر کرنے والی مختلف بے ضابطگیوں کے سامنے آنے پر سی بی آئی نے گرفتاریاں بھی کیں۔