نئی دہلی، 08 مئی (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے مودی حکومت پر امن و امان اور خواتین کے تحفظ کے محاذ پر ناکامی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 12 سالوں میں حکومت کے دعووں کی حقیقت ملک کے سامنے آ چکی ہے۔
مسٹر کھرگے نے جمعہ کو سوشل میڈیا 'ایکس' (ٹویٹر) پر ایک پوسٹ میں نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 2013 کے بعد سے خواتین کے خلاف جرائم میں 42.6 فیصد، بچوں کے خلاف جرائم میں 204.6 فیصد، دلتوں کے خلاف مظالم میں 41.3 فیصد اور قبائلیوں کے خلاف جرائم میں 46.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے سائبر جرائم میں ہونے والے اضافے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس مدت کے دوران سائبر جرائم میں 1,689 فیصد کا بھاری اضافہ ہوا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سال 2024 میں 10,546 کسانوں، 52,931 دیہاڑی دار مزدوروں اور 14,488 طلباء نے خودکشی کی ہے۔
کانگریس صدر نے الزام لگایا کہ مودی حکومت امن و امان اور خواتین کی حفاظت کے بڑے بڑے دعوے کرتی رہی ہے، لیکن اصل اعداد و شمار ان دعووں کی قلعی کھول دیتے ہیں۔