Jadid Khabar

مہاراشٹر کے ناگپور واقع ایک گودام میں لگی خوفناک آگ، 400 سے زائد گاڑیاں خاک میں تبدیل

Thumb

مہاراشٹر کے ناگپور ضلع میں شدید گرمی کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات بڑھتے ہی جا رہے ہیں۔ جمعرات کی دوپہر کھیری گاؤں میں واقع پرانی کاروں کے گودام میں بھی خوفناک آگ لگ گئی، جس نے علاقہ میں افرا تفری کا ماحول پیدا کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے احاطے کو اپنی زد میں لے لیا اور 400 سے زائد پرانی کاریں، اسپیئر پارٹس، ٹائر اور دیگر سامان جل کر خاک میں تبدیل ہو گئے۔ آگ اتنی خوفناک تھی کہ کئی کلومیٹر دور تک دھوئیں کے بادل دکھائی دیتے رہے۔ اس حادثہ میں کروڑوں روپے کے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق یہ گودام ناگپور دیہی علاقہ کے کھیری-کنہان روڈ پر واقع تارانگر محلہ میں ہے، جہاں منوج ناگدیوے اور ان کے ساتھی پرانی کاروں کا کاروبار کرتے ہیں۔ گودام میں مرمت شدہ سیکنڈ ہینڈ کاروں کے علاوہ خراب گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس، ٹائر اور دیگر آتش گیر سامان بڑی مقدار میں رکھا گیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ جمعرات کی دوپہر اچانک گودام سے دھواں اٹھتا دکھائی دیا۔ چند ہی منٹوں میں آگ تیزی سے پھیل گئی اور پورے احاطہ کو اپنی زد میں لے لیا۔ موقع پر موجود ملازمین فوراً باہر نکل آئے اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ آگ کے شعلے اور گھنا دھواں دیکھ کر مقامی لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔ فوری طور پر کامٹھی، یرکھیڑا اور ناگپور میونسپل کارپوریشن سے تقریباً 15 فائر بریگیڈ گاڑیاں موقع پر بھیجی گئیں۔ فائر بریگیڈ اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ تاہم اُس وقت تک گودام میں کھڑی بیشتر گاڑیاں مکمل طور پر جل چکی تھیں۔
ابتدائی جانچ میں سامنے آیا ہے کہ شدید گرمی اور آتش گیر سامان کی وجہ سے گودام میں آگ تیزی کے ساتھ پھیلی۔ آگ لگنے کی اصل وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر نقصان کا اندازہ لگانے میں مصروف ہیں۔ غنیمت رہی کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس سے پہلے کہ آگ چاروں طرف پھیلتی، اندر موجود ملازمین باہر نکل چکے تھے۔