Jadid Khabar

حکومت کو رکنِ اسمبلی سے مارپیٹ کے معاملے میں غیر جانبدارانہ جانچ کرانی چاہیے: اشوک گہلوت

Thumb

جے پور، 2 مئی (یواین آئی) راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے سری گنگانگر میں ایک رکنِ اسمبلی کے ساتھ مارپیٹ کے معاملے میں کہا ہے کہ اب راجستھان اربن انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ پروجیکٹ (آر یو آئی ڈی پی) کے افسران بھی رکنِ اسمبلی پر مارپیٹ کے الزامات لگا رہے ہیں، ایسے میں ریاستی حکومت کو اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانی چاہیے۔
انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے کہا کہ جمعرات کو سری گنگانگر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایک رکنِ اسمبلی نے آر یو آئی ڈی پی کے افسران پر مارپیٹ کے الزامات عائد کیے تھے، لیکن جمعہ کو انہی افسران نے پریس کانفرنس کر کے رکنِ اسمبلی پر ہی مارپیٹ کے الزامات لگا دیے اور اپنے جسم پر آئی چوٹیں بھی میڈیا کو دکھائیں۔ یہ ایک سنگین واقعہ ہے اور دلت طبقے سے تعلق رکھنے والے افسر کے ساتھ ایسا واقعہ اس معاملے کو مزید حساس بنا دیتا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو اس معاملے کو سنجیدگی سے لے کر غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانی چاہیے تاکہ حقیقت سامنے آ سکے اور قصورواروں کے خلاف مناسب کارروائی کی جا سکے۔