نئی دہلی 02 مئی (یو این آئی) سپریم کورٹ نے ترنمول کانگریس کی اس عرضی پر کوئی بھی حکم دینے سے ہفتہ کو انکار کر دیا جس میں مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کی ووٹوں کی گنتی کے دوران مرکزی حکومت اور مرکزی پبلک سیکٹر کے ملازمین کو تعینات کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
ترنمول کانگریس نے اس سے قبل کلکتہ ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا لیکن عدالت نے اس کی عرضی کو خارج کر دیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ گنتی کے عملے کا تقرر کرنا الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ عدالت عظمیٰ میں جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس جے مالیا باغچی کی بنچ نے ترنمول کانگریس اور الیکشن کمیشن کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد کہا کہ اس معاملے میں کوئی حکم دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ صرف الیکشن کمیشن کے وکیل کا یہ بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن گزشتہ 13 اپریل کو جاری کردہ سرکلر پر مکمل عمل درآمد کرے گا۔
ترنمول کانگریس نے عرضی میں مرکزی ملازمین اور مرکزی حکومت کے پبلک سیکٹر اداروں کے ملازمین کو ووٹوں کی گنتی میں لگانے پر اعتراض کیا تھا۔ کمیشن کے 13 اپریل کے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ووٹوں کی گنتی میں ایک مبصر یا اسسٹنٹ مبصر میں سے کم از کم ایک مرکزی ملازم یا مرکزی پبلک سیکٹر کے ملازم کا تقرر کرنا لازمی ہے۔