Jadid Khabar

آئی-پیک کے ڈائریکٹر ونیش چندیل کو ملی ضمانت، عدالت میں ای ڈی نے نہیں کی مخالفت

Thumb

انڈین پولیٹیکل ایکشن کمیٹی (آئی-پیک) کے ڈائریکٹر ونیش چندیل کو جمعرات کو دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے منی لانڈرنگ معاملے میں ضمانت دے دی ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے چندیل کی ضمانت کی مخالفت نہیں کی ہے۔ اس پورے واقعہ میں سب سے زیادہ توجہ دینے والی بات ضمانت کی ٹائمنگ ہے۔ چندیل کو یہ راحت مغربی بنگال میں ووٹنگ ختم ہونے کے اگلے روز ملی ہے۔

واضح رہے کہ ونیش چندیل کو باقاعدہ ضمانت ملنے سے عین قبل قانونی محاذ پر ایک دھچکا لگا تھا۔ گزشتہ منگل (28 اپریل) کو دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ کی ایڈیشنل سیشن جج شیفالی برنالا ٹنڈن نے ان کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ چندیل نے اپنی 74 سالہ والدہ (جو ڈیمنشیا کے مرض میں مبتلا ہیں) کی بگڑتی ہوئی صحت کا حوالہ دیتے ہوئے عبوری ریلیف مانگی تھی، لیکن عدالت نے کہا تھا کہ پی ایم ایل اے جیسے سنگین معاشی جرائم میں صرف عام انسانی ہمدردی کی بنیاد راحت کے لیے کافی نہیں ہیں۔ حالانکہ ان کی باقاعدہ ضمانت کی درخواست عدالت میں زیر التوا تھی، جس پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے اب انہیں ضمانت دے دی ہے۔
عدالت نے سماعت کے دوران اس بات پر غور کیا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے چندیل کی ضمانت عرضی کی مخالفت نہیں کی۔ معاملے کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ونیش چندیل تحقیقات کے دوران اپنی مرضی اور بامقصد طریقے سے تحقیقاتی ایجنسی کی مدد کر رہے ہیں۔ حالانکہ ای ڈی نے عدالت سے یہ ضرور کہا کہ ضمانت دیتے وقت چندیل پر کچھ شرائط لگائی جانی چاہئیں۔ عدالت کے ذریعہ عائد کردہ شرائط کے مطابق وہ معاملے سے منسلک ثبوتوں کے ساتھ کسی بھی طرح کی چھیڑ چھیڑ نہیں کریں گے۔ وہ گواہوں کو ڈرانے یا متاثر کرنے کی کوئی کوشش نہیں کریں گے۔ انہیں تحقیقات میں مکمل طور سے تعاون کرنا ہوگا اور طلب کیے جانے پر تمام ضروری تفصیلات مہیا کرانے ہوں گے۔ انہیں تحقیقاتی ایجنسیاں جب بھی بلائیں گی وہ دستیاب ہوں گے۔
قابل ذکر ہے کہ بنگال اسمبلی انتخاب سے قبل ای ڈی نے چندیل کو کوئلہ گھوٹالے سے منسل معاملے میں 13 اپریل کو گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی کے مطابق یہ معاملہ صرف کوئلے کی غیر قانونی اسمگلنگ تک محدود نہیں ہے بلکہ اس میں پیسے کے لین دین کا نیٹورک کافی بڑا ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق ونیش چندیل پی اے سی کنسلٹنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے شریک بانیوں میں سے ایک ہیں اور ان کے پاس کمپنی میں 33 فیصد حصہ داری ہے۔
اس سے قبل ای ڈی نے کولکاتہ کے سالٹ لیک میں واقع آئی-پیک کے آفس پر چھاپہ مارا تھا۔ اس وقت مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے ساتھ ای ڈی کی جھڑپ بھی ہوئی تھی۔ ای ڈی نے ونیش چندیل پر یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے پوچھ تاچھ کے دوران جھوٹے اور گمراہ کن بیان دیے۔ یہ معاملہ ای سی ایل کے لیز والے علاقوں میں غیر قانونی کان کنی اور فروخت سے متعلق ہے۔ سی بی آئی کی جان سے درج کردہ کیس میں ای ڈی نے اس کی تحقیقات شروع کی تھی۔