قومی راجدھانی سمیت شمالی ہندوستان کے مختلف حصے اس وقت شدید گرمی کی زد میں ہیں لیکن اب موسم بدلنے والا ہے۔ ہندوستانی محمکہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران لوگوں کو شدید گرمی سے راحت مل سکتی ہے۔ آج (28 اپریل) دہلی میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور 29 اپریل کے لیے ’یلو الرٹ‘ جاری کیا گیا ہے۔ منگل کو راجدھانی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔
موسم سائنسدانوں کے مطابق اسکائی میٹ کے ماہر موسمیات مہیش پلاوت کے مطابق شمال مغربی راجستھان، پنجاب اور ہریانہ کے اوپر ایک مضبوط گردابی نظام سرگرم ہے جو دھیرے دھیرے شمال مشرق کی سمت بڑھ رہا ہے۔ اس کا اثر دہلی سمیت آس پاس کے علاقوں میں 30 اپریل تک دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ صفدر جنگ میں پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.3 سینٹی گریڈ درج کیا گیا جو معمول سے 3.3 ڈگری زیادہ ہے۔ پالم اور لودھی روڈ میں بھی درجہ حرارت 42 سینٹی گریڈ سے اوپر رہا۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت رج ایریا میں 43.8 سینٹی گریڈ درج کیا گیا جبکہ آیا نگر میں 43.2 سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ یہ سبھی اندازے معمول سے 3 سے 4 ڈگری زیادہ ہیں۔
شمالی ہندوستان کے دیگر صوبوں میں بھی موسم کا مزاج بدلے گا۔ جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں آج بارش، برف باری اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ وہیں پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں 60-50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ مشرقی اور وسطی ہندوستان کے صوبوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا دور جاری رہے گا۔ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، بہار اور اڈیشہ میں تیز ہواؤں اور بارش کا اثر نظر آئے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغربی ہندوستان میں 28 اپریل سے یکم مئی کے درمیان درجہ حرارت میں 5-3 ڈگری سیلسیس تک کی گراوٹ آ سکتی ہے، حالانکہ کچھ علاقوں میں گرم لہر اور حبس والی گرمی کا اثر بھی برقرار رہے گا، لیکن بارش کے بعد حالات میں بہتری ہوگی۔ اسی طرح کرناٹک، کیرالہ، تلنگانہ، آندھرا پردیش، تمل ناڈو اور پڈوچیری میں 28 اپریل سے یکم مئی کے درمیان گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ کچھ علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور 50-30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ کئی علاقوں میں بھاری بارش کا بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔