سہارنپور، 14 اپریل (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے دہلی-دہرادون ایکسپریس وے کے افتتاح کو مغربی یوپی کی ترقی کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے سہارنپور کے گنیش پور-منوہر پور میں بنے جلسہ گاہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کی ستائش کی۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، وزیر اعظم کے ڈاٹ کالی مندر میں پوجا ارچنا کرنے کے بعد واپس سہارنپور کی جلسہ گاہ پہنچے تو انہوں نے گورنر آنندی بین پٹیل، اپنے دونوں نائب وزرائے اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور برجیش پاٹھک، صوبائی بی جے پی صدر پنکج چودھری اور سہارنپور کے انچارج وزیر سنیل شرما کے ساتھ وزیر اعظم کی براہِ راست تقریر اسکرین پر سنی اور ریاست کے عوام سے خطاب کیا۔
انہوں نے اکھلیش یادو کا نام لیے بغیر کہا کہ جو لوگ سماج کو بانٹنے اور فسادات کو تحفظ دینے کا کام کرتے ہیں وہ ترقی نہیں کر سکتے۔ یوگی نے کہا کہ 2017 سے اب تک کے اپنے دورِ اقتدار میں انہوں نے یوپی کو فسادات سے پاک اور سرمایہ کاری کا سب سے پسندیدہ مرکز بنایا ہے۔
مسٹر یوگی نے کہا کہ آج کی تقریب دہلی-دہرادون اکنامک کوریڈور کا ایک اہم حصہ ہے، جو 12 کلومیٹر کے ایلیویٹڈ وائلڈ لائف کوریڈور کے ذریعے سہارنپور کو براہِ راست اتراکھنڈ سے جوڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی یوپی تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ اتر پردیش ایسی ریاست ہے جہاں سب سے زیادہ ایکسپریس وے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوئیڈا کے جیور میں بین الاقوامی ہوائی اڈہ شروع ہوا ہے اور نوئیڈا فلم سٹی جیسے پروجیکٹوں سے یوپی ترقی کی نئی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے آج بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو ان کی جینتی پر خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بی جے پی عظیم ہستیوں کا احترام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈبل انجن حکومت کی طاقت دیکھنی ہے تو سہارنپور میں ہو رہی ترقی کو دیکھیں۔ اس حکومت میں اتر پردیش یا اتراکھنڈ میں بڑے سے بڑے پروجیکٹ لانے میں اب کوئی دشواری نہیں ہوتی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی-دہرادون ایکسپریس وے کے شروع ہو جانے سے ملک بھر کے لاکھوں عقیدت مندوں کو اتراکھنڈ کی چار دھام یاترا میں بڑی سہولت حاصل ہوگی اور اتراکھنڈ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوپی سکیورٹی، اچھی حکمرانی، انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکیں ہی ملک کی تعمیر کرتی ہیں۔ یوگی آدتیہ ناتھ گزشتہ دو ماہ کے دوران تیسری چوتھی بار سہارنپور آئے ہیں۔ انہوں نے کل رات کا قیام بھی سہارنپور میں ہی کیا۔ جلسے کے بعد وزیر اعلیٰ ڈھائی بجے ہیلی کاپٹر سے سرساوا ہوائی اڈے پر پہنچے۔ جہاں انتظامی افسران، کمشنر ڈاکٹر روپیش کمار، ڈی ایم منیش بنسل، وزیر مملکت جسونت سینی، سابق رکن پارلیمنٹ پردیپ چودھری، سابق رکن پارلیمنٹ راگھو لکھن پال شرما، بی جے پی ضلع صدر اجیت رانا، ایم ایل اے راجیو گمبر، مکیش چودھری، سابق ضلع صدر برجیندر کشیپ، سابق ایم ایل اے مہیپال ماجرا، جگپال سنگھ، ضلع پنچایت صدر چودھری مانگے رام، بلاک پرمکھ وشواس چودھری، ڈاکٹر پون سنوئی، ابھیشیک تیاگی اور سابق ضلع صدر میلارام پنوار نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کی اور ان کی سہارنپور آمد پر اظہار تشکر کیا۔