نئی دہلی، 08 اپریل (یو این آئی) وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر جمعرات کو ماریشس اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے چار روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔
ڈاکٹر جے شنکر ماریشس میں بحر ہند کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ وزارت خارجہ نے بدھ کو بتایا کہ ڈاکٹر جے شنکر 09 اور 10 اپریل کو بحر ہند کانفرنس کے نویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے ماریشس کا دورہ کریں گے۔ وہ ماریشس میں وہاں کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیں گے اور بحر ہند کانفرنس کے نویں ایڈیشن میں کلیدی خطاب بھی کریں گے۔
کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ کی دیگر شریک ممالک کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت کا امکان ہے۔ یہ دورہ ہندوستان کی 'پڑوسی مقدم' پالیسی، بحری وژن ساگر اور عالمی خطہ جنوب کے تئیں عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
دورے کے دوسرے مرحلے میں وزیر خارجہ 11 سے 12 اپریل تک متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقات کریں گے تاکہ قریبی تعاون کا جائزہ لیا جا سکے اور دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔