Jadid Khabar

ممبئی میں امریکی خاتون سے 400 میٹر کے لیے 18 ہزار روپے وصول کرنے والا ٹیکسی ڈرائیور گرفتار

Thumb

ممبئی: ممبئی کے سہار پولیس اسٹیشن نے ایک امریکی خاتون سے مبینہ طور پر ٹھگی کرنے کے الزام میں ٹیکسی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کی شناخت پچاس سالہ دیش راج یادو کے طور پر ہوئی ہے، جس نے ممبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب واقع ایک پانچ ستارہ ہوٹل تک محض چار سو میٹر کے فاصلے کے لیے خاتون سے 18 ہزار روپے وصول کیے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ 12 جنوری کو پیش آیا، جب امریکی خاتون ممبئی پہنچی تھی۔ ہوائی اڈے سے ہوٹل جانے کے لیے اس نے ایک ٹیکسی لی لیکن ڈرائیور اسے سیدھا ہوٹل پہنچانے کے بجائے اندھیری مشرقی علاقے میں تقریباً 20 منٹ تک گھماتا رہا۔ بعد ازاں اس نے اسے دوبارہ اسی علاقے میں لا کر ہوٹل کے سامنے اتار دیا اور غیر معمولی طور پر زیادہ کرایہ طلب کیا، جو خاتون نے ادا کر دیا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ ٹیکسی ڈرائیور کے ساتھ ایک اور شخص بھی موجود تھا، جس نے اس مبینہ ٹھگی میں اس کی مدد کی۔ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب متاثرہ خاتون نے 26 جنوری کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی روداد بیان کی۔ اس نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں ٹیکسی کا رجسٹریشن نمبر واضح طور پر دیکھا جا سکتا تھا۔ یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی اور ایک لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھی گئی، جس کے بعد متعدد صارفین نے پولیس کو ٹیگ کر کے کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اگرچہ پولیس خاتون سے براہ راست رابطہ قائم نہیں کر سکی، تاہم سہار پولیس نے 27 جنوری کو ازخود نوٹس لیتے ہوئے معاملہ درج کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ محض 3 گھنٹوں کے اندر ٹیکسی ڈرائیور کو ٹریک کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ڈرائیور نے جان بوجھ کر طویل راستہ اختیار کر کے خاتون کو گمراہ کیا اور زیادہ رقم وصول کی۔
پولیس حکام کے مطابق ممبئی میں سیاحوں کے ساتھ اس طرح کے واقعات تشویش کا باعث ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ غیر ملکی سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ہمیشہ میٹر سے چلنے والی ٹیکسی، ایپ پر مبنی کیب یا سرکاری پری پیڈ ٹیکسی خدمات کا استعمال کریں، تاکہ اس طرح کی صورتحال سے بچا جا سکے۔