Jadid Khabar

یومِ جمہوریہ پریڈ میں جان بوجھ اپوزیشن کی توہین کی گئی: کھڑگے

Thumb

نئی دہلی، 27 جنوری (یواین آئی) کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے نے الزام عائد کیا ہے کہ مودی حکومت جان بوجھ کر اپوزیشن کی توہین کرتی ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ یومِ جمہوریہ پریڈ کے دوران پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں، راجیہ سبھا اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنماؤں کو تیسری قطار میں بٹھایا گیا۔
مسٹر کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر منگل کو ایک پوسٹ میں لکھا کہ حکومت نے آئین، کانگریس، اپوزیشن  اور ان کی توہین کی ہے۔ ایسا کیوں کیا گیا، اس بات کا انہیں حکومت سے جواب چاہیے۔
کانگریس صدر نے کہا کہ آئین کی توہین کرنے والے لوگ، اپوزیشن کے دو لیڈروں کو  یومِ جمہوریہ کی تقریب کے دوران تیسری صف میں بٹھاتے ہیں۔ یہ سراسر غلط ہے اور اپوزیشن و کانگریس کی جان بوجھ کر توہین کی جا رہی ہے۔
مسٹر کھڑگے نے کہا، ''میں موسٹ سینئر لیڈر ہوں۔ میرے اور راہل گاندھی جی کے پاس کابینہ رینک ہے، لیکن ہمیں یومِ جمہوریہ کی تقریب میں تیسری قطار میں بٹھا دیا گیا، جہاں ریاستی وزرا اور بچے بیٹھے تھے۔''
اتنا ہی نہیں، ہم نے اپنے سکریٹری کو بھیج کر نشست تلاش کی، ان کے ذریعے پاس کا انتظام کیا۔
راشٹرپتی بھون کے ایک پروگرام سے متعلق تنازعہ پر مسٹر کھڑگے نے کہا کہ صدرِ جمہوریہ کے استقبالیہ کے دوران مسٹر گاندھی نے روایتی شمال مشرقی 'پٹکا' پہن لیا تھا، جب ہم کھانے کے لیے بیٹھے تو انہوں نے پٹکا موڑ کر رکھ لیا۔ حقیقت یہ ہے کہ بی جے پی یہ صرف انتخابی فائدے کے لیے کر رہی ہے۔ بی جے پی ہمیشہ کسی نہ کسی بہانے کانگریس اور راہل گاندھی کو بدنام کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ اس کے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا، ''راہل گاندھی نے شمال مشرق سے 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' نکالی، وہیں  نریندر مودی منی پور جانے سے بھی ڈرتے ہیں۔ ایسے میں بی جے پی کے لوگوں کو مسٹر راہل گاندھی اور کانگریس پر الزام لگانے کا کوئی حق نہیں ہے۔ میں اس کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ بی جے پی محض فضول کے مسائل کھڑے کر رہی ہے۔''