Jadid Khabar

تیل اور گیس کے شعبے میں 2030 تک 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا ہدف: مودی

Thumb

پنجم/نئی دہلی، 27 جنوری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ ہندوستان اس دہائی کے آخر تک اپنے تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کو 100 ارب ڈالر تک لے جانے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس کے لیے شراکت داری کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔
گوا میں منعقدہ توانائی کے شعبے پر ہندوستان کی عالمی کانفرنس ''انڈیا انرجی ویک'' کا افتتاح کرتے ہوئے، مسٹر مودی نے کہا، "ہم اس دہائی کے آخر تک تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کو 100 ارب ڈالر تک لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمارا مقصد کھدائی کے دائرے کو بھی  10 لاکھ مربع کلومیٹر تک پھیلانا ہے۔ اس وژن کے ساتھ ہمارے یہاں 170 سے زیادہ بلاکس کو الاٹ کیا جاچکا ہے۔"
وزیر اعظم نے کہا کہ انڈمان اور نکوبار طاس بھی ہمارے معدنی تیل اور گیس کے لیے امید کے اگلے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ انڈیا انرجی ویک بہت ہی کم وقت میں بات چیت اور اس پر عمل درآمد کا ایک عالمی پلیٹ فارم کے طور پر ابھرا ہے۔ آج تیل اور گیس کے شعبے کے لیے ہندوستان بے پناہ مواقع کی سرزمین ہے۔ 
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی بڑی معیشتوں میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک میں توانائی کی مصنوعات کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ہندوستان عالمی مانگ کو پورا کرنے کے لیے بھی بہترین مواقع  دستیاب کراتا  ہے۔
وزیر اعظم نے کہا، "آج ہم دنیا میں پیٹرولیم مصنوعات کے ٹاپ پانچ برآمد کنندگان میں سے ایک ہیں۔ دنیا کے 150 سے زیادہ ممالک تک ہماری برآمدات کا دائرہ ہے اور ہندوستان کی یہ صلاحیت آپ کے لیے بہت کام آنے والی ہے۔" لہذا، انرجی ویک کا یہ پلیٹ فارم ہماری شراکت کو دریافت کرنے کے لیے ایک بہترین جگہ ہے۔
اس کانفرنس میں تقریباً 125 ممالک سے توانائی کی صنعت کے نمائندے اور پالیسی ساز شرکت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اس تقریب کی کامیابی کے لیے مندوبین سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔