Jadid Khabar

چین ایک سال کے اندر کینیڈا کو 'کھا' جائے گا: صدر ٹرمپ

Thumb

واشنگٹن، 24 جنوری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا اور چین کاروباری تعلقات کے حوالے سے کہا ہے کہ چین کینیڈا کو پہلے ہی سال میں نگل جائے گا۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کینیڈا گرین لینڈ میں 'گولڈن ڈوم' کی تعمیر کی مخالفت کر رہا ہے، حالانکہ یہی دفاعی نظام کینیڈا کے تحفظ کا ضامن بن سکتا ہے۔ 
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ اس کے برعکس کینیڈا نے چین کے ساتھ کاروباری تعلقات کے حق میں ووٹ دیا ہے، چین پہلے ہی سال میں کینیڈا کو 'ہڑپ' کرلے گا!۔ 
یاد رہے کہ وزیرِاعظم مارک کارنی گزشتہ ہفتے بیجنگ کے دورے پر گئے تھے، جہاں انہوں نے چین کے ساتھ اقتصادی روابط بحال کرنے کی کوشش کی۔ چین امریکا کے بعد کینیڈا کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ 
اس دورے کے نتیجے میں کچھ کینیڈین زرعی مصنوعات پر ٹیرف میں کمی اور چینی الیکٹرک گاڑیوں کو کینیڈا کی منڈی میں محدود مقدار میں داخلے کی اجازت دینے کا معاہدہ طے پایا۔ 
گزشتہ ہفتے صدر ٹرمپ سے چین اور کینیڈا کے بڑھتے تعلقات سے متعلق سوال کیا گیا تھا، جس پر انہوں نے کہا تھا کہ "یہ ٹھیک ہے، اسے یہی کرنا چاہیے۔" 
''گولڈن ڈوم'' دراصل صدر ٹرمپ کے مجوزہ فضائی دفاعی نظام کا نام ہے، جو اسرائیل کے ''آئرن ڈوم'' کی طرز پر تیار کیا جانا ہے۔ ماضی میں ٹرمپ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے گرین لینڈ پر ملکیت ایک اہم عنصر ہے۔