نئی دہلی، 24 جنوری (یو این آئی) دہلی ٹریفک پولیس نے ہفتے کو ہونے والی یومِ جمہوریہ پریڈ کی ریہرسل سے قبل منگل کے روز ایک ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ، جس میں وسطی دہلی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک پابندیوں کی تفصیل دی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق، ریہرسل صبح 10:15 بجے وجے چوک سے شروع ہو کر کرتویہ پتھ کے راستے انڈیا گیٹ تک جائے گی۔
اس دوران کرتویہ پتھ پر وجے چوک سے انڈیا گیٹ تک تمام قسم کے ٹریفک صبح 10:15 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک بند رہے گی۔
کرتویہ پتھ پر واقع اہم چوراہوں-رفیع مارگ، جن پتھ اور مان سنگھ روڈ-پر کراس ٹریفک کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ انڈیا گیٹ کے اطراف میں بھی صبح 10:15 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل طور پر ممنوع رہے گی۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ریہرسل کے دوران پریڈ روٹ سے گریز کریں اور اپنے سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں۔ گاڑی چلانے والوں کو متبادل راستے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جن میں مدر ٹریسا کریسنٹ روڈ، سکندرا روڈ، فیروز شاہ روڈ، متھرا روڈ، سبرامنیم بھارتی مارگ اور موتی لال نہرو مارگ شامل ہیں۔