Jadid Khabar

کانگریس کی 'منریگا بچاؤ' ملک گیر مہم 8 جنوری سے

Thumb

نئی دہلی، 3 جنوری (یو این آئی) کانگریس پارٹی 8 جنوری سے ملک بھر میں 'منریگا بچاؤ' مہم کا آغاز کرے گی۔ یہ ملک گیر احتجاجی مہم 45 دن تک جاری رہے گی، جس کے دوران مختلف نوعیت کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ 
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ہفتہ کے روز پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منریگا کی جگہ لایا گیا نیا قانون مزدوروں کے حقوق سلب کرتا ہے اور حق پر مبنی روزگار کے تصور پر کاری ضرب ہے، جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد منریگا جیسی روزگار کی ضمانت فراہم کرنے والی اسکیم کو ختم کرنا ہے، اسی لیے کانگریس ورکنگ کمیٹی نے پورے ملک میں 'منریگا بچاؤ' مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
مہم کے پروگرام کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 8 جنوری سے تمام ریاستوں میں میٹنگیں ہوں گی، جن میں ریاستی سطح کے قائدین اور انچارج شریک ہوں گے۔ دس جنوری کو تمام اضلاع میں پریس کانفرنسیں کر کے پنچایتی راج کو ختم کرنے کی سازش کو بے نقاب کیا جائے گا۔ 11 جنوری کو تمام اضلاع میں مہاتما گاندھی یا بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے کے سامنے ایک روزہ بھوک ہڑتال کی جائے گی، جبکہ 12 سے 29 جنوری تک ہر پنچایت میں چوپالیں منعقد کی جائیں گی۔ 
وینوگوپال نے بتایا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی جانب سے تمام گرام پردھانوں کو خطوط ارسال کیے جائیں گے۔ 30 جنوری کو وارڈ اور بلاک سطح پر پروگرام ہوں گے، 31 جنوری سے 6 فروری تک ضلع مجسٹریٹ دفاتر کے باہر دھرنے دیے جائیں گے، جبکہ 7 سے 15 فروری کے درمیان اسمبلیوں اور راج بھون کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ اس کے بعد 16 سے 25 فروری کے درمیان بڑی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ 
یو این آئی ۔ م ع۔ایف اے