Jadid Khabar

دہلی میں کہرے کے سبب 115 سے زائد پروازیں منسوخ، 16 کا روٹ تبدیل

Thumb

نئی دہلی، 30 دسمبر (یو این آئی) دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گہرے کہرے کے سبب منگل کے روز 115سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں اور 16 پروازوں کا روٹ تبدیل کیا گیا۔  
دہلی ہوائی اڈے کی ویب سائٹ کے مطابق، صبح آٹھ بجے تک مختلف ایئرلائنز کی دہلی سے روانہ ہونے والی 58 سے زائد پروازیں منسوخ کی گئیں۔ اس کے علاوہ دیگر شہروں سے دہلی آنے والی تقریباً 60  پروازیں بھی منسوخ رہیں اور 16 کے روٹ تبدیل کئے گئے۔  اس کے علاوہ  200 سے زائد پروازوں میں تاخیر کی اطلاع ہے۔ 
دہلی ہوائی اڈے نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بتایا کہ پیر کی رات 10 بجے کے بعد سے ہی کیٹ-3 طریقۂ کار کے تحت پروازوں کی آمد و رفت شروع کر دی گئی تھی۔ رات دو بجے کے بعد کہرا چھٹنا شروع ہوا، لیکن اس کا اثر صبح تک برقرار رہا۔ 
کیٹ-3 طریقۂ کار کے دوران صرف وہی طیارے اور عملہ لینڈنگ اور ٹیک آف کر سکتے ہیں جو کیٹ-3 کے لیے اہل ہوتے ہیں۔ 
کیٹ-3 سہولت آلات کی مدد سے لینڈنگ اور ٹیک آف کا سب سے جدید نظام ہے، جو انتہائی گھنے کہرے کی صورتحال میں استعمال کیا جاتا ہے۔ 
ایئرلائن کمپنیوں نے بھی مسافروں کے لیے ہدایات جاری کی ہیں اور انہیں مشورہ دیا ہے کہ ہوائی اڈے روانہ ہونے سے قبل اپنی پرواز کی صورتحال ضرور معلوم کر لیں۔