حاجی پور، 24 نومبر (یواین آئی) بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیر کو حاجی پور صنعتی علاقے کا دورہ کر کے صنعتی یونٹوں، نیو جیل سیزنل ویئر پرائیویٹ لمیٹڈ، کامپیٹنس ایکسپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ اور بریٹانیا انڈسٹریز لمیٹڈ کا معائنہ کیا۔
مسٹر کمار نے دورے کے دوران نیو جیل سیزنل ویئر پرائیویٹ لمیٹڈ کا معائنہ کر کے وہاں تیار کئے جا رہے مختلف قسم کے ملبوسات اور کام کر رہے کارکنان کی تعداد کے سلسلے میں افسران سے مفصل معلومات حاصل کیں۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے ٹیلرنگ کے کام میں مصروف کارکنوں سے بات چیت کر صنعتی یونٹ کی جانب سے فراہم کی جا رہی سہولیات وغیرہ کے تعلق سے معلومات لیں۔
مسٹر کمار نے اس کے بعد حاجی پور صنعتی علاقے کے تحت کامپیٹینس ایکسپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے کامپیٹینس ایکسپورٹ پرائیویٹ لمیٹڈ میں تیار کئے جا رہے مختلف قسم کے جوتوں سے متعلق بازار، خام مال کے بارے میں انتظامیہ سے مفصل معلومات حاصل کیں۔
وزیر اعلیٰ مسٹر کمار نے حاجی پور صنعتی علاقے میں واقع بریٹانیا انڈسٹریز لمیٹڈ کا بھی معائنہ کیا۔ اس دوران افسران نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ یہاں بنیادی طور پر بسکٹ اور کوکیز کی تیاری ہوتی ہے، جو پورے ہندوستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی بھیجے جاتے ہیں۔ یہ کمپنی بریٹانیا انڈسٹریز لمیٹڈ کا حصہ ہے، جو بسکٹ، بریڈ اور ڈیری مصنوعات کی تیاری کیلئے جانی جاتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے حاجی پور صنعتی علاقے کی ان صنعتی یونٹوں میں جاری پیداواری سرگرمیوں، صنعت کے فروغ کے امکانات اور روزگار کے مواقع سے متعلق امور سمیت دیگر اہم نکات پر افسران سے تفصیلی گفتگو کی۔ وزیر اعلیٰ نے صنعتی ترقی کو مزید رفتار دینے کیلئے ضروری ہدایات بھی دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں۔
قابل ذکر ہے کہ حاجی پور کلسٹر بہار کا ایک اہم صنعتی مرکز ہے، جس میں حاجی پور صنعتی علاقہ اور ایکسپورٹ پرموشن انڈسٹریل پارک سمیت کل نو صنعتی علاقے شامل ہیں۔ اس کلسٹر میں اب تک 289 صنعتی یونٹوں کو زمین الاٹ کی جا چکی ہے۔ کلسٹر میں 291.83 ایکڑ زمین الاٹ ہے جبکہ 304.11 ایکڑ زمین الاٹ کرنے کیلئے دستیاب ہے۔ یہاں صنعتوں کے آپریشن کیلئے 11 کے وی اور 33 کے وی بجلی سپلائی، ترقی یافتہ سڑک نیٹ ورک، سولر اسٹریٹ لائٹ،پانی کی نکاسی کا نظام، باونڈری وال، کلسٹر کی جغرافیائی پوزیشن اور بہتر کنیکٹیویٹی اسے ایک مضبوط صنعتی مرکز بناتی ہے۔
سال 2024-25 کے دوران اس کلسٹر میں سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور صنعتی ترقی کو فروغ دینے کیلئے کئی قابل ذکر اقدامات کیے گئے۔ یہاں کومفیڈ سدھا ڈیری، سون بسکٹ لمیٹڈ، انمول انڈسٹریز لمیٹڈ، بریٹانیا انڈسٹریز لمیٹڈ، گودریج ایگروویٹ لمیٹڈ، ایس۔ ایل۔ ایم۔ جی بیوریجیز پرائیویٹ لمیٹڈ اور ایون سائیکل لمیٹڈ جیسی معزز کمپنیوں نے سرمایہ کاری کی، جس سے مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔