لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی آج حیدرآباد دورے پر ہیں۔ انہوں نے ’تلنگانہ گِگ ورکرز سوشل سکیورٹی اینڈ ویلفیئر اسکیم‘ کا آغاز کیا۔ جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’کچھ عرصہ قبل تلنگانہ کے گِگ ورکرز کے ساتھ میری بات چیت ہوئی تھی اور آپ نے اپنی تکلیف مجھے بتائی تھی۔ اسی وقت ہم نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ ہم آپ کے مطالبات پورے کریں گے اور آپ کو تحفظ فراہم کریں گے۔ آج ہم اپنا یہ وعدہ پورا کر رہے ہیں۔‘‘
اپنے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ ’’21ویں صدی ڈیٹا کی صدی ہے، پوری دنیا میں ڈیٹا کی بات ہوتی ہے۔ بڑی بڑی کمپنیاں ڈیٹا کی بنیاد پر چل رہی ہیں۔ لیکن ہندوستان میں گِگ ورکرز کا ڈیٹا خود گِگ ورکرز کو ہی دستیاب نہیں تھا۔ اب ’تلنگانہ گِگ ورکرز سوشل سیکورٹی اینڈ ویلفیئر اسکیم‘ کے تحت آپ کو اپنے ڈیٹا پر حق حاصل ہوگا۔ آپ اپنے کام سے متعلق تمام ڈیٹا دیکھ پائیں گے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’تلنگانہ کے شہروں میں شدید گرمی کے دوران گِگ ورکرز دن بھر اسکوٹر پر گھومتے ہیں اور ڈیلیوری کرتے ہیں، لیکن ان کے آرام کرنے کے لیے کہیں کوئی جگہ موجود نہیں ہے۔ اسی لیے تلنگانہ حکومت گِگ ورکرز کے لیے ہر شہر میں وائی فائی کی سہولت سے لیس آرام گاہیں (ریسٹ زون) قائم کرے گی۔‘‘
کانگریس لیڈر نے گگ ورکرز سے کہا کہ ’’جب کسی گِگ ورکر کے ساتھ حادثہ پیش آتا ہے یا وہ بیمار ہوتے ہیں تو انہیں زبردست نقصان ہوتا ہے۔ اس لیے تلنگانہ حکومت ہر گِگ ورکر کو 5 لاکھ روپے تک کا حادثاتی بیمہ اور 10 لاکھ روپے تک کا صحت بیمہ فراہم کرے گی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا ہک ’’گِگ ورکرز کو بھی پنشن ملنی چاہیے، سماجی تحفظ حاصل ہونا چاہیے اور ان کے لیے بھی بچت کا انتظام ہونا چاہیے۔ اسی لیے اب گِگ ورکرز کی ہر رائیڈ اور ڈیلیوری سے حاصل ہونے والی رقم کا 1 فیصد بچت کے لیے مختص کیا جائے گا۔ یہ رقم گِگ ورکرز کے بورڈ میں جمع ہوگی اور بورڈ کے ذریعے یہ رقم براہ راست آپ کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔‘‘