Jadid Khabar

چھٹھ اور شادیوں کے موقع پر ہوائی کرایوں میں 50 فیصد اضافہ، سی ٹی آئی نے مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو کو لکھا خط

Thumb

تہواروں اور شادیوں کے موقع پر ہوائی سفر مہنگا ہو گیا ہے۔ چیمبر آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (سی ٹی آئی) کے مطابق گزشتہ 15 دنوں میں ہوائی کرایوں میں تقریباً 50 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ اس سے تاجر، متوسط طبقہ اور عام مسافر سبھی پریشان ہیں۔ اس معاملے کو لے کر سی ٹی آئی نے مرکزی وزیر شہری ہوابازی رام موہن نائیڈو کنجراپو کو خط لکھ کر مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سی ٹی آئی کے چیئرمین برجیش گوئل نے کہا کہ فضائی کمپنیاں تہواروں اور شادیوں کے سیزن کا فائدہ اٹھا کر منمانے کرایے وصول کر رہی ہیں۔ انہوں نے اسے عام آدمی کی جیب پر براہ راست حملہ قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اس پر پابندی نہیں لگائی گئی تو آنے والے دنوں میں صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

برجیش گوئل نے بتایا کہ فی الحال چھٹھ کا تہوار جاری ہے۔ لاکھوں لوگ اپنے گھروں کو جانا چاہتے ہیں۔ وہیں 20 نومبر سے شادیوں کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے۔ ایسے میں بڑی تعداد میں لوگ دہلی سے اپنے اپنے شہروں کا سفر کرنا چاہتے ہیں، لیکن مہنگے ہوائی کرایوں کی وجہ سے لوگوں کی ہمت جواب دے رہی ہے۔ کچھ لوگ مجبوری میں سفر ملتوی کر رہے ہیں، تو کچھ لوگ مہنگے کرایوں کے سبب ٹرین اور بس سے سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ سی ٹی آئی نے اس سلسلے میں ایک سروے بھی کیا ہے۔ سروے کے مطابق دہلی سے کئی بڑے شہروں کے ہوائی کرایے چند دنوں قبل کے مقابلے تقریباً دوگنے ہو گئے ہیں۔ دہلی سے پٹنہ کا کرایہ تقریباً 18000 روپے پہنچ گیا ہے۔ دہلی سے دربھنگہ کا کرایہ 20000 ہو گیا ہے۔ دہلی سے ممبئی تقریباً 15000 روپے ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔ دہلی سے بنگلورو کا کرایہ 16000 سے 18000 روپے کے درمیان ہے۔ دہلی سے احمد آباد کا کرایہ تقریباً 11000 روپے ہے، جبکہ دہلی سے حیدرآباد کا کرایہ 11000 سے 15000 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
برجیش گوئل نے کہا کہ چند روز قبل یہی کرایہ تقریباً نصف تھا۔ اچانک کرایوں میں اتنا زیادہ اضافہ کرنا کسی بھی طرح مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی کمپنیوں کو تہواروں کے نام پر مسافروں کو لوٹنے کی کھلی چھوٹ نہیں دی جانی چاہیے۔ سی ٹی آئی نے حکومت کے سامنے 5 اہم مطالبات رکھے ہیں۔ پہلا مطالبہ ہے کہ ہوائی کرایوں میں بے تحاشہ اضافے پر فوری طور پر روک لگائی جائے۔ تہواروں اور شادیوں کے سیزن میں منمانے کرایے وصول کرنے کے رجحان کو روکا جائے۔ دوسرا مطالبہ ہے کہ ہر روٹ پر کرایوں کی زیادہ سے زیادہ حد یعنی اپر کیپ مقرر کی جائے۔ کوئی بھی فضائی کمپنی اس حد سے زیادہ کرایہ وصول نہ کر سکے۔ اس سے مسافروں کو کرایوں میں اچانک اضافے سے راحت ملے گی۔ تیسرا مطالبہ ہے کہ ہوائی کرایے کا تعین فاصلے اور کلومیٹر کی بنیاد پر کیا جائے۔
سی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ 500 کلومیٹر اور 1500 کلومیٹر کی پرواز کا کرایہ ایک جیسا نہیں ہو سکتا۔ اس کے لیے ایک شفاف فارمولہ بنایا جانا چاہیے، تاکہ مسافروں کو معلوم ہو کہ وہ کس چیز کے لیے کتنی رقم ادا کر رہے ہیں۔ چوتھا مطالبہ پروازوں کی تعداد بڑھانے کا ہے۔ سی ٹی آئی کے مطابق طلب زیادہ ہے، جبکہ پروازیں کم ہیں۔ دہلی-پٹنہ، دہلی-دربھنگہ، دہلی-ممبئی اور دہلی-بنگلورو جیسے مصروف روٹس پر پروازوں کی تعداد بڑھائی جانی چاہیے۔ اس سے نشستوں کی دستیابی میں اضافہ ہوگا اور کرایوں پر خود بخود قابو پانے میں مدد ملے گی۔ پانچواں اور آخری مطالبہ ملک میں 2 سے 3 نئی فضائی کمپنیاں شروع کرنے کا ہے۔ سی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ملک کی فضائی خدمات صرف 2 کمپنیوں کے بھروسے نہیں چل سکتیں۔ مسابقت بڑھے گی تو کرایے خود بخود کم ہوں گے اور خدمات کے معیار میں بھی بہتری آئے گی۔