Jadid Khabar

لکھنؤ میں وکلاء کا زبردست احتجاج، ’ایڈوکیٹ پروٹیکشن ایکٹ‘ نافذ کرنے کا مطالبہ

Thumb

لکھنؤ میں ’ایڈوکیٹ پروٹیکشن ایکٹ‘ نافذ کرنے کے مطالبے کو لے کر وکلاء اسمبلی کا گھیراؤ کرنے جا رہے ہیں۔ لکھنؤ بار ایسوسی ایشن اور سینٹرل بار ایسوسی ایشن نے اس احتجاج کی اپیل کی تھی۔ لکھنؤ بار ایسوسی ایشن اور سینٹرل بار ایسوسی ایشن کے احتجاج کے پیش نظر پولیس نے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے تھے۔ راستوں میں بیریکیڈنگ کی گئی تھی، لیکن وکلاء بیریکیڈنگ توڑ کر آگے بڑھ گئے۔ وکلاء حضرت گنج چوراہے سے اسمبلی تک کئی مقامات پر بیریکیڈنگ توڑتے ہوئے اسمبلی کے سامنے پہنچ گئے ہیں۔

سینٹرل بار ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری اوینیش دکشت نے آج تک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہاپوڑ میں پیش آنے والے واقعے کے بعد وکلاء کے تحفظ کے لیے ’ایڈوکیٹ پروٹیکشن ایکٹ‘ کا ایک مسودہ تیار کیا گیا تھا، لیکن اسے سرد خانے میں ڈال دیا گیا۔ دراصل وکلاء کے ساتھ آئے دن پیش آنے والے مجرمانہ واقعات ان میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کر رہے ہیں۔ اسی لیے وکلاء ’ایڈوکیٹ پروٹیکشن ایکٹ‘ نافذ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ وکلاء کا مطالبہ ہے کہ حکومت اس مسودے کو ان کے سامنے پیش کرے اور وکلاء کی حفاظت کے لیے اس قانون کو جلد از جلد نافذ کرے۔ گزشتہ دنوں کانپور میں منعقدہ کنونشن کے بعد آج یعنی ہفتہ کے روز اسمبلی کے گھیراؤ کا فیصلہ کیا گیا۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ اگر آج کے اس احتجاج کے بعد اتر پردیش میں ایڈوکیٹ پروٹیکشن ایکٹ نافذ کرنے کی سمت میں حکومت نے کوئی قدم نہیں اٹھایا تو لکھنؤ میں وکلاء کی مہاپنچایت منعقد کی جائے گی۔
لکھنؤ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری جتیندر سنگھ یادو کا کہنا ہے کہ جس طرح دلتوں پر مظالم کے خلاف ایس سی، ایس ٹی ایکٹ بنایا گیا ہے، اسی طرح وکلاء کی حفاظت کے لیے بھی قانون نافذ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء عوام کو انصاف دلانے کا کام کرتے ہیں، اس لیے ان کی حفاظت انتہائی ضروری ہے۔ حضرت گنج میں وکلاء کی جانب سے اسمبلی کے گھیراؤ پروگرام کے پیش نظر انتظامیہ بھی چوکس ہے۔ پولیس نے حفاظتی انتظامات کافی سخت کر دیے ہیں۔ ہیلتھ بلڈنگ چوراہے سے حضرت گنج تک بیریکیڈنگ لگائی گئی ہے۔ سیکورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں، تاکہ کسی بھی طرح کی گڑبڑی یا بدامنی نہ ہونے پائے۔