Jadid Khabar

این سی پی کے دونوں گروپوں میں انضمام معاملہ پر سپریا سولے نے دیا دو ٹوک بیان

Thumb

مہاراشٹر میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے دونوں گروپوں کے انضمام سے متعلق سیاسی گلیاروں میں چہ می گوئیاں کئی دنوں سے جاری ہیں۔ حالانکہ اجیت پوار کے انتقال کے بعد انضمام کے امکانات ختم ہونے کی بات کہہ کر رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ حالانکہ سنیترا پوار اور این سی پی کے سینئر لیڈران کی شرد پوار اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقاتوں نے ان قیاس آرائیوں کو مزید ہوا دے دی ہے۔

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی-شردچندر پوار (این سی پی-ایس سی پی) کی کارگزار صدر اور رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے این سی پی کے دونوں گروپوں کے انضمام کے حوالے سے انتہائی اہم بیان دیا ہے۔ انہوں نے دو ٹوک لفظوں میں کہا ہے کہ ان کے بھائی اجیت پوار کے زندہ رہنے تک دونوں گروپوں کے انضمام پر بات چیت جاری تھی، لیکن ان کے انتقال کے بعد یہ بات چیت پوری طرح رک گئی۔
ہفتہ کے روز این سی پی-ایس پی کی رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے کہا کہ ’’جب تک میرے بھائی (اجیت پوار) زندہ تھے، دونوں گروپوں کے انضمام پر بات چیت ہوتی رہی۔ جس دن وہ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے، اسی دن ان بات چیت پر پوری طرح روک لگ گئی۔‘‘ ان کا یہ بیان نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے دونوں گروپوں کے درمیان انضمام کو لے کر جاری بحث کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں این سی پی کے کئی لیڈران نے امت شاہ سے ملاقات کی تھی، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ دونوں گروپوں کا انضمام ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل جمعہ کو مہاراشٹر کے وزیر دتاترے بھرنے نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے دونوں گروپوں کے انضمام کو لے کر ایک بار پھر بحث تیز ہونے کے درمیان کہا تھا کہ یہاں نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار کی رہائش گاہ پر ہونے والی میٹنگ میں کوئی سیاسی بات چیت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام اراکین اسمبلی ان کی قیادت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ بھرنے نے کہا کہ اراکین اسمبلی اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں خشک سالی سے متعلق مسائل پر بات چیت کے لیے ہی جمع ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’پارٹی کی کوئی میٹنگ نہیں ہوئی اور نہ ہی انضمام کو لے کر کوئی سیاسی بات چیت ہوئی۔ پارٹی نے ایسی کوئی میٹنگ نہیں بلائی تھی۔ ہم میں سے کچھ لوگ یہاں آئے ہوئے تھے اور سنیترا پوار سے ملاقات کی۔ بنیادی طور پر خشک سالی کی صورت حال اور اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں کیے جانے والے کاموں پر بات چیت ہوئی۔‘‘
گزشتہ ہفتہ سنیترا پوار کی قیادت والی این سی پی کے کئی لیڈران، جن میں پرفل پٹیل اور پارتھ پوار بھی شامل تھے، نے این سی پی (شردچندر پوار) کے سربراہ شرد پوار سے ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد دونوں گروپوں کے انضمام کی بحث نے زور پکڑ لیا تھا۔ 2 روز قبل بارامتی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سنیترا پوار نے یہ کہہ کر ان قیاس آرائیوں کو مزید ہوا دے دی تھی کہ مناسب وقت آنے پر سب کچھ واضح ہو جائے گا۔
بہرحال، سپریا سولے نے حریف خیمے کے لیڈران کی شرد پوار سے حالیہ ملاقاتوں کو ایک معمول کی خیرسگالی ملاقات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈران تجربہ کار لیڈر سے ملاقات کرتے رہتے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے این سی پی کے کچھ لیڈران کی ملاقاتوں کے بارے میں انہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے دوسری پارٹی کا داخلی معاملہ قرار دیا۔