Jadid Khabar

اعظم خان کو سپریم کورٹ سے جھٹکا، ای ڈی کی گرفتاری سے نہیں ملی راحت

Thumb

 سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر رہنما اعظم خان نے رام پور جیل سے رہائی کے فوراً بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے گرفتار کیے جانے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ ان کی عرضی پر سپریم کورٹ نے آج سماعت کی۔ اس دوران عدالت نے گرفتاری سے راحت دینے سے انکار کر دیا۔ اس سے ایس پی رہنما کو جھٹکا لگا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ الہ آباد ہائی کورٹ سے رجوع کریں، وہاں اس معاملے کی سماعت ہوگی۔
چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) سوریہ کانت، جسٹس جائے مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ نے اس معاملے کی سماعت کی۔ واضح رہے کہ اعظم خان کو جوہر یونیورسٹی سے وابستہ منی لانڈرنگ معاملے میں ای ڈی نے گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد غازی آباد کی خصوصی ایم پی-ایم ایل اے عدالت نے انہیں 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔ اس کے بعد انہیں غازی آباد کی ڈاسنا جیل میں رکھا گیا ہے۔ عدالت نے انہیں 13 نومبر تک عدالتی حراست میں رکھنے کا حکم دیا تھا۔