Jadid Khabar

ایس آئی آر: منی پور سے گوا تک 5 انتخابی ریاستوں میں 2 کروڑ 29 لاکھ ووٹ حذف

Thumb

اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا، پنجاب اور منی پور میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹرس کی تعداد میں 13.24 فیصد تک کی کمی آئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ان 5 ریاستوں میں ووٹرس کی تعداد تقریباً 18.71 کروڑ تھی، جو گھٹ کر 16.43 کروڑ رہ گئی ہے۔ اگر دیکھا جائے تو تقریباً 2.29 کروڑ ووٹرس کم ہوئے ہیں، یہ تقریباً 12.2 فیصد کی گراوٹ ہے۔ ان 5 ریاستوں میں آئندہ سال کے آغاز میں اسمبلی انتخاب کرائے جائیں گے۔

حال ہی میں الیکشن کمیشن اور ریاستوں کے چیف الیکٹورل افسران کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان 5 ریاستوں میں ایس آئی آر کے بعد ووٹرس کی تعداد تقریباً 18.71 کروڑ سے گھٹ کر 16.43 کروڑ رہ گئی ہے۔ ان ریاستوں میں سب سے زیادہ اثر اتر پردیش میں دیکھنے کو ملا ہے۔ یہاں مجموعی کمی کا تقریباً 90 فیصد حصہ ہے۔ اتر پردیش میں ایس آئی آر کا کام دوسرے مرحلے میں ہوا تھا۔ ایس آئی آر سے پہلے ریاست میں 15.44 کروڑ ووٹر تھے۔ ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں یہ تعداد گھٹ کر 12.56 کروڑ رہ گئی، تاہم حتمی ووٹر لسٹ میں اصلاح کے بعد بڑھ کر 13.40 کروڑ ہو گئی۔
اتر پردیش میں 2 کروڑ سے زائد ووٹرس کے نام حذف ہوئے
اتر پردیش کی ووٹر لسٹ میں اصلاح کے بعد تقریباً 2.04 کروڑ ووٹرس کی کمی ہوئی۔ یہ کل ووٹرس کا تقریباً 13.24 فیصد ہے اور پانچوں ریاستوں میں سب سے زیادہ کمی یہیں دیکھی گئی ہے۔ ڈرافٹ لسٹ سے تقریباً 2.89 کروڑ نام ہٹائے گئے تھے، جن میں سے تقریباً 84 لاکھ یعنی قریب 29 فیصد نام دوبارہ شامل کر دیے گئے۔
پنجاب میں 14 لاکھ ووٹرس کے نام کٹے
پنجاب میں تیسرے مرحلے میں ایس آئی آر کیا گیا۔ ووٹرس کی تعداد ڈرافٹ لسٹ میں 2.15 کروڑ سے گھٹ کر 1.94 کروڑ رہ گئی اور پھر حتمی ووٹر لسٹ میں 2.01 کروڑ رہی۔ ووٹرس کی تعداد میں مجموعی کمی تقریباً 14 لاکھ یا 6.34 فیصد رہی۔ یہاں سب سے زیادہ نام دوبارہ شامل کیے گئے۔ ڈرافٹ لسٹ سے ہٹائے گئے تقریباً 21 لاکھ ووٹرس میں سے قریب 7 لاکھ ووٹرس کے نام دوبارہ فہرست میں شامل کیے گئے۔