Jadid Khabar

ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے بعد سلمان خان کی سکیورٹی سخت

Thumb

ممبئی: اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد ممبئی پولیس نے سلمان خان کی سیکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے ان کی حفاظت مزید سخت کر دی ہے۔ باندرہ میں واقع گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر پولیس اہلکار، کمانڈوز اور جدید ہتھیاروں سے لیس محافظ تعینات کیے گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں گھر کے باہر اضافی نفری اور سخت نگرانی دکھائی دے رہی ہے۔ محافظوں میں ایسے اہلکار بھی شامل ہیں جن کے پاس ’ایم پی5 ایس ڈی6‘ سب مشین گن ہے۔

یہ انتظام ٹائیگر شروف کی کار پر فائرنگ کی واردات کے بعد کیا گیا۔ پولیس اہلکار عمارت کے باہر تعینات ہیں۔ گھر کے باہر آنے جانے والے افراد پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ یہ اقدامات حالیہ فائرنگ کے بعد سلمان خان کی حفاظت سے متعلق خدشات کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔
سلمان خان حال ہی میں ایک نجی ہوائی اڈے پر بھی سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان دکھائی دیے۔ ان کے ساتھ باڈی گارڈ شیرا موجود تھے۔ وہاں موجود فوٹوگرافروں نے اداکار سے بات کرنے کی کوشش کی، لیکن سلمان نے ان سے گفتگو نہیں کی۔ وہ گاڑی سے اترے اور سیدھے ہوائی اڈے کے اندر چلے گئے۔ ان کے ہمراہ موجود سکیورٹی عملہ بھی چوکس رہا۔
فائرنگ کا واقعہ 18 اکتوبر کو ممبئی کے جوہو علاقے میں پشپا پارک کے قریب پیش آیا۔ ٹائیگر شروف فٹ بال کھیلنے کے بعد اپنی کار میں گھر واپس جا رہے تھے۔ گاڑی ان کا ڈرائیور چلا رہا تھا جبکہ اداکار اگلی نشست پر بیٹھے تھے۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار تین نوجوانوں میں سے دو نے کار پر گولیاں چلائیں۔ ایک ملزم نے سات راؤنڈ فائر کیے، جب کہ دوسرے کی بندوق جام ہو جانے کے باعث نہیں چل سکی۔
فائرنگ میں ٹائیگر شروف کو کوئی گولی نہیں لگی اور وہ محفوظ رہے۔ واقعے کے بعد ممبئی پولیس نے تحقیقات شروع کیں۔ پولیس نے راجستھان کے کوٹا سے تین ملزمان کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے مبینہ طور پر بتایا کہ ان کا ہدف ٹائیگر شروف نہیں بلکہ سلمان خان تھے۔ انہوں نے سلمان کے گھر کی ریکی کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔
دوسری جانب، اس حملے کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ افراد نے لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس دعوے کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ پولیس واقعے کے تمام پہلوؤں، ملزمان کے بیانات اور حملے کے محرکات کی جانچ کر رہی ہے۔ حکام نے اس بات کا تعین کرنا ہے کہ فائرنگ کا منصوبہ کیسے بنایا گیا، کون کون اس میں شامل تھا اور سلمان خان کو ممکنہ خطرہ کس نوعیت کا تھا۔