ناگپور، 19 اکتوبر (یو این آئی) مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے پیر کو یقین دہانی کرائی کہ ممبئی پولیس بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف سے متعلق فائرنگ کے واقعے کی باریک بینی سے تحقیقات کر رہی ہے اور اس میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
ناگپور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر فڑنویس نے کہا کہ ایسے واقعات کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے والوں سے مرعوب ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے ملزمان کی حرکتوں کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد چھپ کر بیٹھتے ہیں اور مواصلاتی ذرائع کا سہارا لے کر دھمکیاں دیتے ہیں، تاہم حکومت اور پولیس ہر دھمکی کو سنجیدگی سے لیتی ہیں اور اس کے خلاف ضروری کارروائی کی جاتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ممبئی پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس مجرموں کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی پولیس نے متعدد مواقع پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے اور اس معاملے میں بھی ملزمان کو تلاش کرکے جلد قانون کے دائرے میں لایا جائے گا۔
مسٹر فڑنویس نے مزید بتایا کہ انہوں نے ٹائیگر شروف سے رابطہ کرکے انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے اداکار کو مشورہ دیا کہ وہ اس واقعے سے پریشان نہ ہوں، کیونکہ پولیس معاملے کی سنجیدگی سے تحقیقات کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی کے جوہو علاقے میں ٹائیگر شروف کی گاڑی سے متعلق فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات تیز کردی ہیں۔ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے چھان بین کی جارہی ہے۔