Jadid Khabar

مایاوتی نے آکاش آنند کو پھر بڑی ذمہ داری سونپی، قومی کوآرڈینیٹر مقرر

Thumb

لکھنؤ، 5 اکتوبر (یواین آئی) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی صدر مایاوتی نے اپنے بھتیجے آکاش آنند کو پارٹی میں ایک بار پھر اہم ذمہ داری سونپتے ہوئے انہیں بی ایس پی کا نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے۔
محترمہ مایاوتی نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر سلسلہ وار پوسٹس میں کہا کہ جیسا کہ سبھی جانتے ہیں، بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر اور ان کے عظیم پیروکار مانّیہ ور شری کانشی رام نے ملک بھر میں بہوجن مفاد کے لیے زبردست قربانیاں دیں، زندگی بھر سخت جدوجہد کی اور اعلیٰ نظریات قائم کیے، جو ہمیشہ تحریک کا ذریعہ رہے ہیں۔ انہی اصولوں پر چل کر بی ایس پی نے ملک کی سیاست میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اب خاص طور پر آئندہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پیش نظر تمام طبقات کے ساتھ جوش و خروش سے بھرپور تیاری بھی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ''یہاں یہ بھی کہنا ضروری ہے کہ میرا ذاتی خاندان نہیں بلکہ پورا 'بہوجن سماج' ہی میرا وسیع خاندان ہے اور اس کا مفاد اور فلاح میرے لیے سب سے زیادہ اہم ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے اور خاص طور پر پارٹی میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے میں نے گزشتہ کچھ دنوں میں کئی سخت فیصلے بھی لیے ہیں اور اس معاملے میں میرے اپنے بھائی بہن اور ان کے خاندان کے افراد بھی کبھی مستثنیٰ نہیں رہے ہیں، جو سب کے سامنے ہے۔''
بی ایس پی صدر نے کہا کہ ویسے تو شری آکاش آنند کی شخصیت پارٹی میں کافی حد تک اچھی رہی ہے، لیکن گزشتہ دنوں ان سے متعلق کچھ ایسے اسباب بھی رہے، جن کی وجہ سے پارٹی تنظیم میں کئی مرتبہ کچھ ضروری تبدیلیاں کرنا پڑیں اور بالآخر مسٹر آکاش آنند کے سسر اشوک سدھارتھ کو سیاست سے سبکدوش ہونے پر مجبور ہونا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد سے لوگ شری آکاش آنند کی شخصیت اور کام کرنے کے انداز وغیرہ میں کافی تبدیلیاں بھی دیکھ رہے ہیں، جس کا خاص ثبوت حال ہی میں پارٹی میں واپسی کے لیے سوشل میڈیا 'ایکس' پر ان کی جانب سے کی گئی ایک پوسٹ بھی ہے، جس پر کافی بحث ہوئی ہے۔
محترمہ مایاوتی نے کہا کہ اس سلسلے میں پارٹی کے بیشتر لوگوں کی یہی رائے ہے کہ شری آکاش آنند کی درخواست قبول کرتے ہوئے انہیں ان کی سابقہ ذمہ داریوں کے ساتھ دوبارہ پارٹی میں کام کرنے کا موقع دیا جائے۔ اس سلسلے میں ان کے والد کے ساتھ ساتھ ان کے چھوٹے بھائی مسٹر ایشان آنند نے بھی اپنی رضامندی ظاہر کی ہے۔