Jadid Khabar

جموئی بدسلوکی معاملہ: 120 سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایف آئی آر درج

Thumb

جموئی میں نابالغ لڑکا اور لڑکی کے ساتھ بدسلوکی کے معاملہ میں 120 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف جموئی کے سائبر تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ جموئی کے ایس پی نے دیر رات میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نابالغ متاثرہ کی شناخت ظاہر کر کے ویڈیو وائرل کرنا سنگین جرم ہے۔ ایس پی نے دیر رات میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نابالغ متاثرہ کی شناخت ظاہر کرتے ہوئے ویڈیو وائرل کرنے والوں کے خلاف سائبر تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ تقریباً 120 سوشل میڈیا پروفائل ہولڈرز کو اس معاملے میں ملزم بنایا گیا ہے۔ ایس پی وشوجیت دیال نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ نابالغ متاثرہ سے متعلق ویڈیو شیئر یا وائرل نہ کریں۔ انہوں نے یہ وعدہ بھی کیا کہ کلیدی ملزم کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

ایس پی کا کہنا ہے کہ جموئی ضلع میں پیش آنے والے بدقسمت واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔ لیکن سوشل میڈیا پر نابالغ متاثرہ کی شناخت ظاہر کر کے جو ویڈیو وائرل کی جا رہی ہے، وہ پوکسو ایکٹ کی متعلقہ دفعات اور آئی ٹی ایکٹ کی دفعات کے تحت سنگین جرم ہے۔ اس سلسلے میں سائبر تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس میں مختلف سوشل میڈیا سائٹس پر پروفائل رکھنے والے 120 نوجوانوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
ایس پی نے کہا کہ میں لوگوں سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ ایسے نابالغ اور متاثرہ سے متعلق ویڈیوز کا خیال رکھیں اور ایسی ویڈیوز وائرل نہ کریں۔ پولیس غیر جانب دارانہ طریقے سے ایسے معاملات کو دیکھ رہی ہے اور سخت کارروائی کر رہی ہے۔ جلد ہی کلیدی ملزم قانون کی گرفت میں ہوگا۔
جموئی میں لڑکی کے ساتھ بدسلوکی اور چھیڑ چھاڑ کی ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے میں اے ڈی جی لا اینڈ آرڈر کے ایس انوپم نے پولیس کی کارروائی کی معلومات دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں اب تک 3 نابالغوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمین میں سے 2 کی عمر 17 سے 18 سال کے درمیان بتائی گئی ہے۔ اے ڈی جی نے بتایا کہ جموئی تھانے میں بی این ایس ایس کی دفعہ 128، 74، 75 اور پوکسو ایکٹ کی دفعہ 8 اور 12 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ معاملے کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کی نگرانی جموئی ایس ڈی پی او کی قیادت میں کی جا رہی ہے۔ وائرل ویڈیو نشر کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
اے ڈی جی کے مطابق یہ واقعہ جموئی-لکھی سرائے اہم شاہراہ سے تقریباً 3 کلومیٹر دور پہاڑی علاقے میں شام تقریباً 6.25 سے 6.30 بجے کے درمیان پیش آیا۔ پولیس واقعے کی جگہ پر گشت کے انتظامات کی بھی جانچ کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال 8-7 نوجوانوں کے نام سامنے آئے ہیں۔ جانچ میں جو بھی شخص اس حادثہ میں شامل پایا جائے گا، اس کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ ملزمین کی مجرمانہ تاریخ کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔