نئی دہلی، 21 ستمبر (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بہار کے جموئی میں دسویں کلاس کی طالبہ کے ساتھ ہوئی بدسلوکی کے واقعے پر بہار حکومت سے لڑکیوں کے تحفظ پر جواب مانگا ہے۔
مسٹر گاندھی نے پیر کو سوشل میڈیا ایکس پر لکھا کہ جموئی میں اس لڑکی کے ساتھ ہوئی بدسلوکی کی ویڈیو انتہائی تکلیف دہ ہے، جس میں دسویں کلاس کے طالب علم اور طالبہ کو سڑک پر روک کر ہراساں اور ذلیل کیا گیا نیز طالبہ کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ طالبہ ہاتھ جوڑ کر چھوڑنے کی التجا کرتی رہی لیکن اس کے ساتھ غلط سلوک کرتے ہوئے اسے گھسیٹ کر لے جانے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے ہر شخص کی شناخت کر کے پاکسو کے تحت کارروائی کی جانی چاہیے اور جلد انصاف ملنا چاہیے۔ مسٹر گاندھی نے سوال کیا کہ اگر واقعہ 19 ستمبر کا ہے تو ملزمان اب تک گرفتار کیوں نہیں کیے گئے اور بہار میں شام کے وقت بھی لڑکیاں محفوظ کیوں نہیں ہیں؟
یواین آئی ایف اے