Jadid Khabar

منی پور کے راحتی کیمپوں میں اموات پر سپریم کورٹ فکر مند، حکومت کے رویہ سے ناراض

Thumb

سپریم کورٹ نے منی پور کے راحتی کیمپوں میں ہوئی 30 سے زیادہ اموات، خاص طور پر غیر فطری اموات سے متعلق سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔ عدالت نے چیف سکریٹری سے حلف نامہ طلب کیا ہے اور تمام غیر فطری اموات میں ایف آئی آر، تیز رفتار تحقیقات اور راحتی کیمپوں میں مقیم بے گھر افراد کی حفاظت اور وقار کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے معاوضہ کی رقم اور پوسٹ مارٹم سے متعلق معاملات پر بھی ریاست سے جواب طلب کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہاں رہ رہے لوگوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی معلومات بھی عدالت کو دینے کو کہا ہے۔

چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) سوریہ کانت کی صدارت والی سہ رکنی بنچ، جس میں جسٹس جوئے مالیا باگچی اور جسٹس وی موہنا بھی شامل ہیں، نے ریاست کے اعلیٰ افسر سے پوچھا کہ راحتی کیمپوں میں ہوئیں اموات کے سلسلے میں جسٹس گیتا متل کمیٹی کی جانب سے دی گئی معلومات کے باوجود کوئی ٹھوس قدم کیوں نہیں اٹھایا گیا؟ بنچ نے اپنے حکم میں کہا کہ ’’ہم منی پور کے چیف سکریٹری کو راحت کیمپوں میں ہوئی اموات، خاص طور پر غیر فطری اموات کے سلسلے میں حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہیں۔‘‘ عدالت نے یہ بھی سوال کیا کہ 34 اموات میں سے صرف 20 معاملات میں ہی پوسٹ مارٹم کیوں کرایا گیا؟
بنچ نے کہا کہ ریاستی حکومت کو یہ بھی واضح کرنا ہوگا کہ راحتی کیمپوں میں رہ رہے اندرونی طور پر بے گھر افراد کی غیر فطری موت ہونے پر صرف 20,000 سے 30,000 روپے کا معاوضہ کیوں دیا گیا؟ عدالت نے اس معاملے میں ’منی پور اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی‘ (ایم ایس ایل ایس اے) کو بھی الگ سے صورت حال کی رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ چیف جسٹس آف انڈیا نے ’ایم ایس ایل ایس اے‘ سے یہ یقینی بنانے کو کہا کہ غیر فطری موت کے تمام معاملات میں ایف آئی آر درج کی جائے۔ بنچ نے ’ایم ایس ایل ایس اے‘ کو یہ بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ ان ایف آئی آر کی تحقیقات تیزی سے مکمل کی جائیں۔ اس کے ساتھ ہی راحت کیمپوں میں رہ رہے اندرونی طور پر بے گھر افراد کی حفاظت اور وقار یقینی بنانے کو بھی کہا گیا۔
بنچ نے یہ حکم جسٹس گیتا متل کمیٹی اور ایک آئی اے ایس افسر کی رپورٹ پر غور کرنے کے بعد دیا۔ ان رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ منی پور کے راحتی کیمپوں میں 30 سے زیادہ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ ان میں سے ایک شخص کی موت مبینہ جنسی زیادتی کے بعد ہونے کی بات بھی سامنے آئی تھی۔