Jadid Khabar

دہلی کے کئی اسکولوں کو ملی بم سے اڑانے کی دھمکی، پولیس تحقیقات شروع

Thumb

دہلی کے کئی اسکولوں کو ایک بار پھر بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔ اس خبر نے متعلقہ اسکولوں میں افرا تفری کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی ای-میل کے ذریعہ موصول ہوئی ہے۔ اس کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی اور پولیس کی ٹیمیں ان اسکولوں میں پہنچ چکی ہیں جنھیں دھمکی ملی ہے۔

پولیس ذرائع کے حوالہ سے بتایا جا رہا ہے کہ ای-میل سے مختلف اسکولوں کو ملی دھمکیوں کے بعد جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ یہ بھی جانکاری سامنے آئی ہے کہ جن اسکولوں کو دھمکی ملی ہے، ان میں ’دی برٹش اسکول‘، ’سردار پٹیل اسکول‘، ’اسپرنگ ڈیلس اسکول‘ اور ’ایئر فورس بال بھارتی اسکول‘ شامل ہیں۔
انگریزی نیوز پورٹل ’ہندوستان ٹائمز‘ پر شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسکولوں کو منگل کی صبح جیسے ہی بم سے اڑانے کی دھمکی ملی، اسکول انتظامیہ نے احتیاطی قدم اٹھاتے ہوئے اسکول احاطہ کو خالی کرا دیا۔ بعد ازاں پولیس، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فائر سروس کے اہلکاروں نے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ نئی دہلی ضلع کے اسکولوں سے انہیں صبح تقریباً 10.30 سے 10.45 بجے کے درمیان فون موصول ہوئے۔ دھمکیوں کی اطلاع ای میل کے ذریعے ملنے کے بعد دہلی پولیس کی ٹیمیں، بم ڈٹیکشن ٹیمیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ اور دہلی فائر سروس کے اہلکار فوری طور پر اسکولوں میں پہنچ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ احتیاطی اقدام کے طور پر متعلقہ اسکولوں کے احاطے فوراً خالی کرا لیے گئے اور تخریب کاری کے امکانات کے پیش نظر مکمل جانچ کی گئی۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ اب تک کی تلاشی کے دوران کوئی مشتبہ چیز نہیں ملی ہے۔ پولیس ای-میلز کا بھی جائزہ لے رہی ہے اور اسے بھیجنے والے کی شناخت کی کوشش ہو رہی ہے۔
اس درمیان والدین کو بھیجے گئے ایک پیغام میں سردار پٹیل اسکول نے کہا کہ ’’محترم والدین، اسکول کو سیکورٹی سے متعلق دھمکی موصول ہوئی ہے۔ تمام طلبا کو اسکول کے احاطے سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ پولیس کو اطلاع دے دی گئی ہے اور وہ ضروری اقدامات کر رہی ہے۔‘‘ اس میں مزید کہا گیا کہ ’’مڈل اسکول کے طلبا اپنے امتحانات مکمل کر چکے تھے، جبکہ سینئر اسکول کے طلبا بھی اپنے امتحانات کا بیشتر حصہ مکمل کر چکے تھے۔ اسکول باقی ماندہ سینئر اسکول کے امتحانات کے سلسلے میں صورتحال کا احتیاط سے جائزہ لینے اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنے کے لیے کچھ وقت لینا چاہتا ہے۔ فیصلہ ہوتے ہی مزید تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا۔‘‘ دراصل سردار پٹیل اسکول میں آج ششماہی امتحانات کا پہلا دن تھا، لیکن بم کی دھمکی کے بعد فوری طور پر اسکول خالی کرا لیا گیا۔ جن درجات کے امتحانات ہو چکے ہیں، ان کی کاپیاں محفوظ رکھ لی گئی ہیں اور جن درجات کے امتحانات مکمل نہیں ہوئے ہیں انھیں بعد میں مکمل کیا جائے گا۔