Jadid Khabar

اگر ریپبلیکنز کو ووٹ نہیں دیا تو جہنم مقدر ہوگا:ٹرمپ

Thumb

واشنگٹن،11ستمبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نومبر میں ہونے والے مڈ ٹرم انتخابات میں ریپبلکنز کو ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے اپنے حامیوں سے پولنگ اسٹیشن جانے کا حلف لیا اور خبردار کیا کہ ڈیموکریٹس کی جیت ان کی انتظامیہ کے ایجنڈے کے لیے خطرہ بن جائے گی۔
گزشتہ رات ٹیکساس کے شہر ڈلاس میں منعقدہ ریپبلکن مڈ ٹرم کنونشن کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے، ٹرمپ نے شرکاء سے کہا کہ وہ 3 نومبر کو یا قبل از وقت ووٹنگ کے عمل کے دوران ووٹ ڈالنے اور اپنے دوستوں اور خاندان والوں کو بھی ساتھ لانے کے حلف کو دہرائیں۔
ڈیموکریٹس پر انتخابی دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے ٹرمپ نے مجمعے سے حلف لیا:  کہ"میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کی تاریخ کے عظیم ترین صدر سے وفاداری کا عہد کرتا ہوں... میں اپنے دوستوں، اپنے خاندان کو اپنے ساتھ لاؤں گا اور ہم 3 نومبر کو یا اس سے پہلے ووٹ دیں گے۔
حلف کے بعد ٹرمپ نے مزید کہا کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر آپ ووٹ نہیں دیں گے تو کیا ہوگا؟ آپ جہنم میں جائیں گے۔"
ٹرمپ نے ایک برسرِ اقتدار صدر کی پارٹی کے مڈ ٹرم انتخابات میں سیٹیں ہارنے کے تاریخی رجحان کو چیلنج کرتے ہوئے، ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں ریپبلکن کنٹرول کو برقرار رکھنے کا وعدہ کیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر ڈیموکریٹس دوبارہ اقتدار میں آئے تو وہ لوگوں کی دولت ضبط کر لیں گے... ٹیکساس کے تیل اور گیس کو تباہ کر دیں گے اور مجرموں کو ڈکیتی، عصمت دری اور قتل کی وارداتیں کرنے کے لیے رہا کر دیں گے۔