لکھنؤ، 9 ستمبر (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کے روز کہا کہ لکھنؤ سے ایودھیا تک خوشحالی، خود کفالت اور بااختیار بنانے کے عزم کو نئی رفتار ملے گی۔
لکھنؤ میں منعقدہ دو روزہ 'یو پی ٹیکسٹائل کانکلیو-2026' کے ذریعے اتر پردیش کو عالمی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مرکز کے طور پر ترقی دینے کی سمت میں اہم اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ کانکلیو میں 'یو پی ٹیکسٹ مترا' پورٹل سمیت بنکروں کی فلاح و بہبود، ہنر مندی کی ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینے والی مختلف اسکیموں کی شروعات ہوگی۔ ان اقدامات کا مقصد ریاست کی مالا مال ٹیکسٹائل روایت کو جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور مارکیٹ کے امکانات سے جوڑنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ترقی سے بنکروں اور کاریگروں کے لیے روزگار اور خود روزگاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ساتھ ہی ریاست کو عالمی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے اہم مرکز کے طور پر قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ اس کے بعد ایودھیا جائیں گے، جہاں مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ مریادا پرشوتم بھگوان شری رام کی نگری میں آنگن واڑی کارکنوں، سہائیکاؤں، ہونہار بچوں اور بہترین سپرنٹنڈنٹس کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔ اس دوران نئی مقرر کردہ آنگن واڑی کارکنوں اور ہیلپرز کو تقرری کے خطوط (جوائننگ لیٹرز) بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
حکام کی مانیں تو آنگن واڑی نظام کو مضبوط کرنے کے ساتھ خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور بچوں کی غذائیت و ابتدائی تعلیم کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔ اس طرح وزیر اعلیٰ کا منگل کا پروگرام ریاست میں ایک طرف ٹیکسٹائل انڈسٹری اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے، تو دوسری طرف خواتین کو بااختیار بنانے، بچوں کی نشوونما اور روزگار کو رفتار دینے پر مرکوز رہے گا۔