نئی دہلی، 9 ستمبر (یو این آئی) کانگریس کے صدر اور راجیہ سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف ملیکارجن کھرگے نے ہمہ جہت صلاحیتوں کے مالک، بھارت رتن ڈاکٹر بھوپین ہزاریکا کی صد سالہ یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ورثہ نسلوں تک لوگوں کو متاثر کرتا رہے گا۔
مسٹر کھرگے نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر کہا کہ 'برہم پترا کے بارڈ' یعنی برہم پترا کے شاعر کے طور پر مشہور ڈاکٹر ہزاریکا باصلاحیت موسیقار، شاعر، نغمہ نگار اور فلم ساز تھے۔ انہوں نے کہا کہ آسام کے بھرپور ثقافتی ورثے سے گہرائی سے جڑی ان کی فنکارانہ تخلیق نے سرحدوں اور زبانوں سے بالاتر ہو کر انسانیت، ہم آہنگی اور عالمگیر بھائی چارے کی ایک مضبوط آواز کی شکل اختیار کی۔