Jadid Khabar

راہل گاندھی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا بی جے پی کے غرور اور آمریت کی انتہا: اشوک گہلوت

Thumb

جے پور، 31 اگست (یو این آئی) راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس رہنما اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے ساتھ ہونے والی چھوا چھوت  کے خلاف بااثر انداز میں آواز بلند کرنے پر لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے خلاف ہی ایف آئی آر درج کرنا بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے غرور اور آمریت کی انتہا ہے۔
مسٹر گہلوت نے پیر کے روز اپنے بیان میں یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ دلتوں کے ساتھ چھوا چھوت اور بھید بھاؤ جاری رہے اور جو اس کے خلاف آواز اٹھائے، اسے ہراساں کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ چھوا چھوت اور بھید بھاؤ کی مخالفت کی ہے۔ آئین میں چھوا چھوت کا خاتمہ ہو یا دلتوں پر مظالم روکنے والا ایس سی-ایس ٹی مظالم سے بچاؤ کا قانون، یہ سب کانگریس کی دین ہیں۔ بی جے پی نے آج تک دلتوں کے مفاد میں ایسا کوئی قدم کیوں نہیں اٹھایا؟ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے آج تک چھوا چھوت ختم کرنے کی کوئی مہم کیوں نہیں چلائی؟
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ بی جے پی دلت طبقے کے ساتھ بھید بھاؤ کو نہ صرف نظر انداز کرتی ہے بلکہ اسے تحفظ بھی فراہم کرتی ہے۔ متاثرہ فریق کو ہی ملزم بنانے والی یہ بی جے پی حکومت آئین اور امبیڈکر کے اصولوں کی کھلے عام خلاف ورزی کر رہی ہے۔ مسٹر کھڑگے، مسٹر گاندھی اور پوری کانگریس پارٹی دلتوں کے ساتھ پوری مضبوطی سے کھڑی ہے اور ایسے ہر ناانصافی کی مخالفت کرے گی۔