Jadid Khabar

نوجوانوں کے خوابوں کو نئی پرواز دینا حکومت کی ترجیح: یوگی

Thumb

لکھنؤ، 25 اگست (یو این آئی) اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار سے جوڑ کر ان کے خوابوں کو نئی پرواز دینا اور انہیں خود کفالت کی راہ پر آگے بڑھانا ڈبل انجن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت شفاف اور غیر جانب دار انتخابی عمل کے ذریعے نوجوانوں کو ان کی اہلیت کے مطابق روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ اسی سلسلے میں اترپردیش سب آرڈینیٹ سروس سلیکشن کمیشن (یو پی ایس ایس ایس سی) کے غیر جانب دار اور شفاف انتخابی عمل کے ذریعے محکمہ زراعت میں نئے منتخب 3446 تکنیکی معاونین اور منڈی پریشد میں زمرہ-3، جماعت-2 کے 126 منڈی سکریٹریوں کو منگل کو لکھنؤ میں تقرری کے خطوط دیے جائیں گے۔ اس طرح مجموعی طور پر 3572 نوجوانوں کو سرکاری ملازمت میں تقرری کا موقع ملے گا۔ ریاستی حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مواقع دینے اور ان کی محنت کو عزت دینے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار اور خود روزگاری سے جوڑنے کے ساتھ ہی حکومت کی کوشش ہے کہ انہیں ایسا ماحول ملے، جس میں وہ اپنی صلاحیت کا بہتر استعمال کرتے ہوئے ریاست کی ترقی میں اپنا تعاون دے سکیں۔ شفاف بھرتی کے عمل سے اہل امیدواروں کو بغیر کسی امتیاز کے آگے بڑھنے کا موقع مل رہا ہے۔ تقرری پانے والے نوجوان اب اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ریاست کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو صرف روزگار فراہم کرنا نہیں، بلکہ انہیں باصلاحیت اور خود کفیل بنانا ہے۔ اسی سوچ کے ساتھ 'با صلاحیت نوجوان-مضبوط اترپردیش' کے عزم کو حقیقت میں بدلنے کی سمت میں مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے نو تقرر نوجوانوں کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے ان سے پوری لگن، ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کی توقع ظاہر کی۔ 
یو این آئی۔ این یو۔