لکھنؤ، 20 اگست (یو این آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے پریاگ راج میں سیلاب کے سبب زیر آب آئے علاقوں پر بی جے پی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ سنگم نگری کے سنگین حالات دیکھ کر حکومت کو شرمندگی محسوس ہونی چاہیے۔
مسٹر یادو نے جمعرات کو 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ''یہ ہے پریاگ راج کے سنگین حالات۔ کوئی اور ہو تو ایک لاکھ کروڑ روپے پریاگ راج کی ترقی کے نام پر ہڑپ کرنے کے بعد، وہاں کے ہزاروں گھروں کی یہ زیر آب حالت دیکھ کر شرمندگی سے اقتدار ہی چھوڑ دے۔''
انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ''صرف نام بدلنے سے نظام نہیں بدلتا۔ بدلیے تو آپ اپنا بدعنوان کام اور نیت، لیکن اب وہ بھی نہیں بدلے گی۔ اسی لیے اب اتر پردیش اور ملک کی عوام بی جے پی حکومت کو ہی ہمیشہ کے لیے بدل دے گی۔''
سابق وزیر اعلیٰ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے فضائی سروے پر بھی کہا کہ صرف ہوا ہوائی سروے سے کام نہیں چلے گا اور اگر حکومت میں ہمت ہے تو اسے سڑکوں پر اتر کر عوام کا سامنا کرنا چاہیے۔
مسٹر یادو نے پریاگ راج میں ترقیاتی کاموں پر خرچ پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سات آٹھ ہزار کروڑ روپے کاغذوں میں اور ''بیسوں ہزار کروڑ بغیر کاغذوں کے'' اپنی شبیہ بنانے اور پریاگ راج کو شاندار دکھانے کے لیے خرچ کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اخراجات سے حکومت کی کتنی شبیہ بنی ہے، اس کی حقیقت عوام کے درمیان جا کر معلوم ہو جائے گی۔
ایس پی صدر نے پریاگ راج میں پانی جمع ہونے کی صورتحال کو ''انتہائی قابل مذمت'' قرار دیتے ہوئے حکومت سے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے مسائل پر سنجیدگی سے توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔