ملک میں غیر رکازی ایندھن پر مبنی برقی صلاحیت کا 300 گیگا واٹ تک پہنچنا تاریخی لمحہ: راج ناتھ
نئی دہلی، 08 اگست (یو این آئی) وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہندستان کی غیر رکازی ایندھن پر مبنی برقی صلاحیت کے 300 گیگا واٹ تک پہنچنے کو ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک کی بڑھتی ہوئی صاف ستھری توانائی کی طاقت اور عزائم کی علامت ہے۔
مسٹر سنگھ نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں کہا، " ہندستان کی صاف ستھری اور مزید پائیدار مستقبل کی سمت میں سفر کا ایک تاریخی لمحہ! ہندستان نے 300 گیگا واٹ کی قائم شدہ غیر رکازی ایندھن پر مبنی برقی صلاحیت کا قابلِ ذکر سنگِ میل حاصل کیا ہے، جو ملک کی بڑھتی ہوئی صاف ستھری توانائی کی طاقت اور عزائم کا ایک مضبوط عکاس ہے۔"
انہوں نے کہا کہ یہ سنگِ میل حکومت کے ترقی پر مرکوز نقطۂ نظر کو ظاہر کرتا ہے، جو ہندستان کی صاف ستھری توانائی سے متعلق عزائم کو ٹھوس نتائج میں بدل رہا ہے اور توانائی کی سکیورٹی کو مضبوطی فراہم کر رہا ہے۔ وزیرِ دفاع نے کہا کہ بلند عزائم سے لے کر عملی سطح کی کامیابیوں تک، ملک مضبوط معیشت، سبز مستقبل اور مزید خود کفیل ہندستان کی تعمیر کرتے ہوئے اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ ہندستان نے توانائی کے شعبے میں اسی مہینے یہ تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سال جون تک 30.58 گیگا واٹ صاف ستھری توانائی کی صلاحیت میں اضافہ کیا گیا ہے۔