آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد کی طبیعت اچانک بگڑی، دہلی کے ایمس میں ہوگا علاج
راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو کی طبیعت اچانک بگڑنے سے اہل خانہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں بہتر علاج کی غرض سے ہفتے کے روز دہلی میں واقع آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) لے جایا جائے گا۔ بلڈ پریشر میں اتار چڑھاؤ کی شکایت کے بعد انہیں جمعہ کی شام پٹنہ کے اندرا گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (آئی جی آئی ایم ایس) میں داخل کرایا گیا تھا۔ بعد میں انھیں چھٹی مل گئی، لیکن ڈاکٹروں نے ہدایت دی ہے کہ ان پر نگرانی رکھی جائے اور ضروری دیکھ بھال کی جائے۔
آر جے ڈی کی رکن پارلمنٹ اور لالو پرساد یادو کی بڑی بیٹی میسا بھارتی نے بتایا کہ ’آئی جی آئی ایم ایس‘ میں ڈاکٹروں نے ان کا مکمل ہیلتھ چیک اپ کروایا۔ علاج کے بعد جب ان کی حالت نارمل ہوئی تو انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔ ڈاکٹروں نے انہیں گھر پر ہی خصوصی توجہ کے ساتھ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ میسا بھارتی نے مطلع کیا کہ ہفتے کے روز انہیں بہتر علاج کے لیے دہلی ایمس لے جایا جائے گا۔ ابھی یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ لالو پرساد کے ساتھ دہلی کون کون لوگ آئیں گے۔
اس دوران میسا بھارتی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پٹنہ کے کوٹلیہ نگر علاقے میں صاف صفائی انتظامات پر کچھ اہم باتیں سامنے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ جس علاقے میں ان کا کنبہ نئے گھر میں منتقل ہوا ہے، وہاں صفائی ستھرائی کا سنگین مسئلہ ہے۔ حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ اس مسئلے کو اٹھاتی ہیں، تو لوگ اس کا مختلف مطلب نکال سکتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ تقریباً 2 دہائیوں تک 10 سرکلر روڈ پر واقع سرکاری رہائش میں رہنے کے بعد لالو پرساد یادو اور سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی حال ہی میں کوٹلیہ نگر میں واقع اپنی نجی رہائش میں شفٹ ہوئے ہیں۔ ان کا پرانا سرکاری بنگلہ اب بہار حکومت کے مویشی اور ماہی پروری کے وزیر نند کشور رام کو الاٹ کر دیا گیا ہے۔