ممبئی میں ریلوے اسٹیشن پر اچانک بند ہو گیا لوکل ٹرین کا اے سی، کئی خواتین مسافر گھٹن کے باعث بیہوش
مہاراشٹر کے ممبئی میں لوکل ٹرین سے سفر کرنے والے مسافروں کو آج اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب مُلُنڈ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر-2 پر کھڑی ایک اے سی لوکل ٹرین کا اے سی اچانک بند ہو گیا۔ تقریباً 15 منٹ تک اے سی بند رہنے کے باعث ٹرین کے اندر گھٹن کا ماحول پیدا ہو گیا اور مسافروں کی حالت بگڑنے لگی۔
ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ پر شائع خبر کے مطابق ٹرین پوری طرح مسافروں سے بھری ہوئی تھی۔ اے سی بند ہوتے ہی ڈبے کے اندر گرمی اور حبس میں تیزی سے اضافہ ہو گیا۔ کچھ ہی دیر میں کئی مسافروں کو سانس لینے میں پریشانی ہونے لگی، جبکہ کئی خواتین مسافر بیہوش ہو کرسیٹوں اور فرش پر گر پڑیں۔ واقعہ کے بعد ٹرین میں افراتفری کا ماحول بن گیا۔ موقع پر موجود دیگر مسافروں نے بھی خواتین کو ٹرین سے باہر نکالا اور انہیں پلیٹ فارم پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ کچھ مسافروں نے پانی پلا کر ان کی حالت سنبھالنے کی کوشش کی۔ فی الحال مسافروں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد ریلوے ملازمین بھی موقع پر پہنچے اور صورتحال کو قابو کرنے میں مصروف ہو گئے۔
اس واقعہ کے بعد مسافروں میں ریلوے کے تئیں ناراضگی دیکھنے کو ملی۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ اے سی لوکل ٹرینوں میں اگر تکنیکی خرابی آتی ہے تو مسافروں کی حفاظت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر متبادل انتظام کیا جانا چاہیے۔ مسافروں نے وقت پر تکنیکی نگرانی اور مینٹیننس کا مطالبہ بھی کیا۔ دوسری جانب ریلوے انتظامیہ اے سی سسٹم بند ہونے کی وجوہات کی جانچ کر رہی ہے۔ اب تک اس واقعہ کو لے کر ریلوے کی جانب سے کوئی آفیشیل بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ مسافروں کو امید ہے کہ تحقیقات کے بعد ایسے واقعات کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔