Jadid Khabar

گڈکری نے مختلف پروجیکٹوں کا جائزہ لیا، ملٹی ماڈل انفراسٹرکچر کے کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی

Thumb

نئی دہلی، 06 جولائی (یو این آئی) سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے نیشنل ہائی ویز لاجسٹکس مینجمنٹ لمیٹڈ (این ایچ ایل ایم ایل) کے پروجیکٹوں کا جائزہ لیتے ہوئے ملٹی ماڈل لاجسٹکس پارک، روپ وے، انٹر ماڈل اسٹیشن اور وے سائیڈ سہولیات سے جڑے پروجیکٹوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
 
مسٹر گڈکری نے میٹنگ میں کہا کہ یہ تبدیلی لانے والے پروجیکٹ ملک میں مستقبل کی ضروریات کے مطابق مربوط ٹرانسپورٹ نظام تیار کرنے کی سمت میں اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان پروجیکٹوں سے ملٹی ماڈل کنیکٹیوٹی مضبوط ہونے کے ساتھ ہی نئے اقتصادی مواقع پیدا ہوں گے اور علاقائی ترقی کو رفتار ملے گی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سے ملک کی لاجسٹکس مسابقت میں بڑا سدھار آئے گا۔
 
مرکزی وزیر نے پروجیکٹوں پر عمل درآمد میں آنے والے بڑے چیلنجوں کا بھی جائزہ لیا اور تمام فریقین کو زیر التوا رکاوٹوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کر کے پروجیکٹوں کی تکمیل میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ان پروجیکٹوں کے وقت پر مکمل ہونے سے لاجسٹکس کی کارکردگی بڑھے گی، ٹرانسپورٹ کی لاگت کم ہوگی، مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات ملیں گی اور وکست بھارت  اور آتم نربھر بھارت کے ہدف کو آگے بڑھانے میں اہم تعاون ملے گا۔