ترقی اور وراثت کو ساتھ لے کر آگے بڑھ رہی ہے بی جے پی حکومت: یوگی
فیروز آباد، 22 جون (یواین آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت ترقی اور ثقافتی وراثت کو ساتھ لے کر آگے بڑھ رہی ہے اور ریاست میں قانون و نظم اور عوامی فلاحی منصوبوں کے مؤثر نفاذ سے وسیع پیمانے پر تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے۔
فیروز آباد کی ٹونڈلا اسمبلی حلقہ کے اُساینی میں منعقدہ ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے 658 کروڑ روپے مالیت کے 81 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ''بی جے پی ہے تو ترقی ہے'' اور عوامی حمایت ہی ترقیاتی کاموں کو رفتار فراہم کر رہی ہے۔
یوگی نے نیم کرولی بابا کی جائے پیدائش اور عالمی شہرت یافتہ چوڑیوں کے شہر فیروز آباد کے صنعت کاروں، مزدوروں اور شیشہ سازی کی صنعت سے وابستہ افراد کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل انجن کی حکومت وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ترقی اور ثقافتی ورثے کو مضبوط بنانے کا کام کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فیروز آباد کی شیشہ سازی کی صنعت جدت طرازی کا مرکز بن چکی ہے اور یہاں تیار ہونے والی دیوی دیوتاؤں اور عظیم شخصیات کے مجسمے عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ صنعت معیار اور جدت کی بدولت چین کو بھی پیچھے چھوڑنے کی سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے صنعت کاروں کو ہر ممکن سرکاری تعاون اور حوصلہ افزائی کا یقین دلایا۔