Jadid Khabar

بہار: سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار سمیت 32 اراکین اسمبلی کی ہوئی حلف برداری

Thumb

بہار میں آج سمراٹ چودھری کابینہ کی توسیع ہو گئی۔ راجدھانی پٹنہ کے گاندھی میدان میں کابینہ کی توسیعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین شامل ہوئے۔ سمراٹ چودھری کے وزیر اعلیٰ بننے کے 22 دنوں بعد ان کی کابینہ کی توسیع ہوئی ہے۔

کابینہ کی توسیع میں بی جے پی کے 15، جے ڈی یو کے 13، ایل جے پی (رام ولاس) کے 2، ہَم اور آر ایل ایم کے 1-1 رکن اسمبلی نے وزارتی عہدہ کا حلف اٹھایا۔ جے ڈی یو سے 3 نئے چہروں نے حلف اٹھایا، جن میں سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار، بلو منڈل اور شویتا گپتا کا نام شامل ہے۔ جبکہ بی جے پی سے 5 نئے چہرے کابینہ میں شامل کیے گئے ہیں، ان میں متھلیش تیواری، رام چندر پاسوان، ارون شنکر، نندر کشور رام اور انجنیئر شیلندر کا نام شامل ہے۔ بہار حکومت کی کابینہ میں اب 5 خاتون وزراء ہیں، جن میں جے ڈی یو کی 3 لیڈران شامل ہیں۔
بہار بی جے پی کے سینئر لیڈرا اور سابق نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا ایک بار پھر نئی حکومت میں بڑی ذمہ داری سنبھالنے کی تیاری میں ہیں۔ تنظیم میں مضبوط پکڑ، ایوان میں جارحانہ انداز اور انتظامی تجربے کے سبب پارٹی قیادت مسلسل ان پر اعتماد کا اظہار کر رہی ہے۔ رکن اسمبلی سے لے کر وزیر، اسمبلی اسپیکر، اپوزیشن لیڈر، نائب وزیر اعلیٰ اور اب سمراٹ کابینہ میں ان کا شامل ہونا بہار کی سیاست میں ان کی مضبوط گرفت کی پہچان ہے۔ لکھی سرائے سے آنے والے وجے سنہا نے طلبہ سیاست سے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ کابینہ میں کئی پرانے اور نئے چہروں کو جگہ ملی ہے، لیکن ایک نام جس کے متعلق ہر طرف باتیں ہو رہی ہیں وہ ہے جے ڈی یو کے سینئر رہنما رتنیش سدا۔ جون 2023 میں جب سنتوش سمن نے وزیر کے عہدہ سے استعفیٰ دیا تھا تب اس وقت کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے رتنیش سدا کو اپنی کابینہ میں شامل کیا تھا۔ انہیں درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کی بہبود کا وزیر بنایا گیا تھا۔ اب ایک بار پھر انہیں وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری انہیں اپنی کابینہ میں جگہ دینے جا رہے ہیں۔