Jadid Khabar

وزیر اعلیٰ یوگی نے زیرِ تعمیر اوور بریج کا معائنہ کیا

Thumb

گورکھپور، 23 اپریل (یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کے روز گورکھپور میں زیرِ تعمیر ڈومنگڑھ-مادھوپور بندھ سے مہیسرا پل تک فور لین سڑک اور ڈومنگڑھ میں بن رہے ریل اوور بریج (آر او بی) کا موقع پر جا کر معائنہ کیا۔
اس دوران انہوں نے راج گھاٹ پل سے ہابَرٹ بندھا ہوتے ہوئے ڈومنگڑھ، کولیا، گاہاساڑھ بندھ کے راستے جنگل کوڑیا-کالیسر روڈ تک مجوزہ فور لین سڑک کے کام کی پیش رفت کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ وزیر اعلیٰ نے ان تینوں منصوبوں کو آمد و رفت کو آسان بنانے اور سیلاب سے بچاؤ کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔
ایکو پارک سمیت 1055 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح و سنگ بنیاد کی تقریب میں شرکت کے بعد وزیر اعلیٰ ڈومنگڑھ-مادھوپور بندھ سے مہیسرا پل تک فور لین سڑک اور ڈومنگڑھ ریل اوور بریج کے معائنے کے لیے پہنچے۔ سب سے پہلے وہ لال ڈِگی کے آگے بندھ پر رکے، جہاں انہوں نے منصوبے کے نقشے کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے محکمہ تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے حکام کو ہدایت دی کہ کام میں مزید تیزی لا کر اسے جلد از جلد عوام کے لیے کھولنے کی تیاری کی جائے۔ اس کے بعد یوگی نے اسی راستے پر الہٰی باغ کے قریب تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ ستمبر 2026 کے بجائے جولائی 2026 تک فور لین سڑک کا کام مکمل کیا جائے۔
اس موقع پر انہوں نے نگر نگم کو بھی ہدایت دی کہ مہیسرا تک بننے والی سڑک کے آخری حصے کو خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ مہیسرا کے قریب سڑک سے ملحقہ واٹر باڈی کے اطراف اکثر کچرا پڑا رہتا ہے، جسے ایکو پارک کی طرز پر ترقی دے کر بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
فور لین سڑک کے معائنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے ڈومنگڑھ چوکی کے قریب جگت بیلا-ڈومنگڑھ ریل سیکشن پر رحمت نگر-مادھوپور روڈ پر زیرِ تعمیر ریل اوور بریج کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ نقشہ دیکھنے کے بعد انہوں نے اس منصوبے میں بھی تیزی لانے کی ہدایت دی۔
جاری۔ یو این آئی۔ م ع